کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ، کام تیز کرنے کی ہدایت
کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ، کام تیز کرنے کی ہدایت92 کروڑ کے 4 منصوبے جاری، شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے ۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے ہمراہ کچہری بازار کا دورہ کیا اور بازار میں جاری بیوٹیفکیشن کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے ٹف ٹائلز کی تنصیب، گرین بیلٹ کی تیاری اور دکانوں کے باہر یکساں ڈیزائننگ کا جائزہ لیا اور باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف تاجروں کو سازگار کاروباری ماحول میسر آئے گا بلکہ شہریوں کو بھی معیاری تفریحی سہولیات حاصل ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ 92 کروڑ روپے کی لاگت سے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ضلع بھر میں بیوٹیفکیشن کے چار بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کچہری بازار میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔