انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا
انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا کھدائی کے باعث سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،کھڈوں میں تبدیل
بھیرہ( نامہ نگار )پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر قابلِ استعمال بنانے کے لیے سرکلر روڈ پر واقع پرائمری مدارس کے سامنے تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق تعمیراتی کام کی رفتار انتہائی کم ہے ، جبکہ کھدائی کے باعث سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے ، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی شدید خلل پیدا ہو رہا ہے اور ٹینک سے منسلک نکاسی آب (ڈرین) کا کام تاحال شروع نہیں کیا جا سکا۔
جس سے منصوبے کی تکمیل مزید تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے ۔شہریوں محمد اقبال، الیاس احمد، نصیر احمد، محمد نذیر اور ارشد علی نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی غفلت کے باعث صورتحال گھمبیر ہو چکی ہے اور علاقہ مکینوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کی جائیں اور واٹر ٹینک کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مٹیریل کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ دیرپا اور مؤثر ثابت ہو سکے ۔