اسٹامپ آرڈیننس بل نافذ باقاعدہ قانونی حیثیت مل گئی

اسٹامپ آرڈیننس بل نافذ باقاعدہ قانونی حیثیت مل گئی

صرف ایک فیصد اسٹامپ ڈیوٹی صفر اعشاریہ ایک فیصدسروس چارجز لاگو ہوں گے ،کسی دیگر ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا شہری و دیہی علاقوں کے درمیان ٹیکس کا فرق ختم رجسٹرڈ قابلِ تفویض دستاویز کے تحت پراپرٹی کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ،لین دین کے عمل میں آسانی، شفافیت اور فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی آئیگی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتِ پنجاب نے اسٹامپ ایکٹ 1899 میں ترمیم کرتے ہوئے اسٹامپ آرڈیننس 2026 (ترمیمی) بل نافذ کر دیا ، جس کے تحت ’’قابلِ تفویض دستاویز‘‘ کو باقاعدہ قانونی حیثیت دے دی گئی ۔ یہ اہم اقدام بورڈ آف ریونیو ( پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی ) کی سفارشات کی روشنی میں متعارف کروایا گیا ہے ، جس کا مقصد جائیداد کے لین دین کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے ۔ اس اقدام کے نتیجے میں بارہ ماہ تک قابلِ تفویض دستاویز پر صرف ایک فیصد اسٹامپ ڈیوٹی اور 0.1فیصدسروس چارجز لاگو ہوں گے جبکہ اس مدت میں کسی دیگر ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

مزید برآں زرعی زمینوں کے انتقال اور رجسٹری فیس میں نمایاں کمی سے شہری و دیہی علاقوں کے درمیان ٹیکس کا فرق ختم ہو گیا ہے ، جس سے سرمایہ کاروں کیلئے یکساں اور سازگار ماحول میسر آئے گا۔قابلِ تفویض دستاویز دراصل جائیداد کے حقوقِ ملکیت کی ایسی قانونی منتقلی ہے جس کی بدولت حتمی بیع نامہ کی ضرورت نہ ہے ، بلکہ قابلِ تفویض دستاویز کے ذریعے پراپرٹی سے متعلق حقوق کسی دوسرے فرد کو منتقل کیے جا سکتے ہیں، اور اس کا اندراج پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ای رجسٹریشن سسٹم میں بذریعہ رجسٹری کیا جاتا ہے ۔ لہٰذا اب غیر رسمی بیانہ اور فائل ٹریڈنگ کے بجائے اب رجسٹرڈ قابلِ تفویض دستاویز کے تحت پراپرٹی کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے ۔

اس اقدام سے لین دین کے عمل میں آسانی، شفافیت اور فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کو فروغ ملے گا۔ تاہم یہ دستاویز حتمی ملکیت کا ثبوت نہیں ہے ، اس کے باوجود یہ سہولت سرمایہ کاروں اورپراپرٹی ڈیلرز کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی کیونکہ اس کے ذریعے تفویض دار کو جائیداد کے تمام جملہ حقوق آگے منتقل کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے ۔ حکومتِ پنجاب کا یہ اقدام ’’شفافیت، سہولت، تحفظ‘‘ کے اصولوں کے تحت پراپرٹی سیکٹر میں ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں