میانوالی کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی
میانوالی کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ، کرائے کم کرنے کا مطالبہ
کندیاں(نمائندہ دنیا )کندیاں وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود میانوالی کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔میانوالی تا راولپنڈی، لاہور اور ملتان روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان اور اڈا منیجرز سرکاری نوٹیفکیشن کو نظر انداز کرتے ہوئے بدستور من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے پر کرایے فوراً بڑھا دیے جاتے ہیں مگر قیمتوں میں کمی کے باوجود کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا۔مسافروں نے ضلعی انتظامیہ اور آر ٹی اے سیکرٹری کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نئے سرکاری کرایہ نامے جاری کیے جائیں اور انہیں تمام بس اڈوں پر نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر میانوالی اور سیکرٹری آر ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور بھاری جرمانے عائد کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔