آئی سی یو کیلئے موبائل ایکسرے یونٹ مکمل فعال کردیا گیا
آئی سی یو کیلئے موبائل ایکسرے یونٹ مکمل فعال کردیا گیا انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج مریضوں کے ایکسرے بیڈ سائیڈ پر کئے جا رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال میں آئی سی یو کے لیے موبائل ایکسرے یونٹ مکمل فعال کردیا گیا ۔ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال سرگودھا میں مریضوں کو جدید اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد سہیل خواجہ کی ہدایات پر آئی سی یو ڈیپارٹمنٹ میں موبائل ایکسرے یونٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے ، جس کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج مریضوں کے ایکسرے باآسانی ان کی بیڈ سائیڈ پر کیے جا رہے ہیں۔اس سہولت کے فعال ہونے سے نہ صرف مریضوں کو ایکسرے کیلئے دوسرے شعبوں میں منتقل کرنے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے بلکہ ایمرجنسی صورتحال میں فوری تشخیص ممکن ہو گئی ہے ، جس سے علاج کے معیار اور رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد سہیل خواجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مریضوں کی سہولت اور بہتر طبی نگہداشت کے عزم کا حصہ ہے ۔بائیو میڈیکل انجینیئر فرخ اقبال نے اس حوالے سے بتایا کہ موبائل ایکسرے مشین کو مکمل طور پر فنکشنل بنا دیا گیا ہے اور یہ جدید طبی تقاضوں کے مطابق درست اور معیاری نتائج فراہم کر رہی ہے ، جس سے ڈاکٹرز کو بروقت اور مؤثر فیصلہ سازی میں مدد مل رہی ہے ۔