فکرِ اقبال میں عشقِ رسولؐ کا مفہوم کے موضوع پرسیمینار
فکرِ اقبال میں عشقِ رسولؐ کا مفہوم کے موضوع پرسیمینار سیمینار میں فکر انگیز ڈسکشن تھی جس میں نامور علمی و ادبی شخصیات نے حصہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پنجاب کونسل آف دی آرٹس سرگودھا ڈویژن کے زیرِ اہتمام ’’فکرِ اقبال میں عشقِ رسول ﷺ کا مفہوم اور اس کے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں تقاضے‘‘ کے موضوع پر ایک پروقار سیمینار اور فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان تقریب میں نامور اساتذہ، دانشوروں اور شعراء نے شرکت کر کے محفل کو رونق بخشی۔دوپہر 12:00 بجے شروع ہونے والی اس تقریب کی خاص بات ایک فکر انگیز پینل ڈسکشن تھی جس میں نامور علمی و ادبی شخصیات نے حصہ لیا۔ پینل ڈسکشن کے معزز شرکاء میں پروفیسر یوسف خالد، پروفیسر ڈاکٹر نسیم عباس، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا اعجاز، پروفیسر عمران اسفند، پروفیسر طارق حبیب، عرفان اکبر گجر، اور نجمہ منصور سمیت دیگر ممتاز شخصیات شامل تھیں۔معزز مہمانوں اور پینلسٹس کا استقبال کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پکار (PUCAR) سرگودھا، زاہد اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا مقصد ایسے فکری اور اصلاحی پروگرامز کے ذریعے معاشرے اور بالخصوص نوجوان نسل میں اقبال کی سوچ اور نبی کریم ؐکی سچی محبت کو فروغ دینا ہے۔