صاف پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ،کمشنر
صاف پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ،کمشنر ہسپتال میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور واش رومز کی حالت کوبہتر رکھنے کی تاکید
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے بدھ کے روز ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال ( ڈی ایچ کیو) کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائینہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے نظام، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔کمشنر نے او پی ڈی، رجسٹریشن کاؤنٹر، فرسٹ فلور پر قائم شعبہ چشم سمیت دیگر وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے رویے اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ گرمیوں کے موسم کے پیش نظر مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے مناسب سایہ دار انتظار گاہیں اور بیٹھنے کے بہتر انتظامات کیے جائیں جبکہ صاف پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور واش رومز کی حالت کو بھی بہتر رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں پیدا ہونے والے بائیو میڈیکل ویسٹ کو مقررہ ایس او پیز کے مطابق محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے تاکہ کسی قسم کے ماحولیاتی یا طبی خطرات سے بچا جا سکے ۔ کمشنر نے ہسپتال کی پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے ، ٹریفک کے بہاؤکو منظم کرنے اور مریضوں کیلئے آسان رسائی کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔