داخلی خارجی راستوں پر کیمروں کی تنصیب شروع ہوگی
یو سی سیکرٹریز پر چیک اینڈ بیلنس بڑھانے اور براہ راست مانیٹرنگ کا فیصلہ،یونین کونسل دفاتر میں بھی کیمروں کے ساتھ ساتھ بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جا رہی ہیںمنصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ان کے مسائل بھی خاطر خواہ کم ہونگے ، ادارے کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا،
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حکومت کی ہدایت پر ضلع بھر کی 186یونین کونسلوں کے داخلی خارجی راستوں ، اہم چوراہوں و مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب جلد شروع ہو رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ یو سی سیکرٹریز پر چیک اینڈ بیلنس بڑھانے اور براہ راست مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے یونین کونسل دفاتر میں بھی کیمروں کے ساتھ ساتھ بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جا رہی ہیں ،ا س امر کا انکشاف ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے عوامی مسائل کی کھلی کچہری میں میڈیا سے بات چیت کرت ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے کھلی کچہری میں پیش ہونیوالے تمام سائلین کو فرداً رفرداً سننے کے بعد ان کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے احکامات جاری کئے ، ڈپٹی ڈائریکٹر بابر شہزاد رانجھا کا کہنا تھاکہ یونین کونسل دفاتر کی سطح پر لوگوں کے مسائل کے حل اور شکایات دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس سے یو سی سیکرٹریز کی مبینہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا اور ادارے کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا، بابر شہزاد رانجھا نے مزید بتایا کہ سرگودہا کے تمام دیہاتوں میں بلا تفریق صفائی ستھرائی ، گلیوں سٹرکوں کی تعمیر ومرمت اور سیور لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل بھی جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر کی ذاتی کوششوں سے مذکورہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے بعد ان کے مسائل بھی خاطر خواہ کم ہونگے ۔