کمشنر کا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ، صفائی یقینی بنانے کا حکم
کمشنر کا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ، صفائی یقینی بنانے کا حکمتمام فلٹریشن پلانٹس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے :متعلقہ افسران کو ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کینال کالونی جیل روڈ میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے پلانٹ کی کارکردگی، پانی کے معیار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام فلٹریشن پلانٹس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور پانی کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی میسر آ سکے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حافظ شوکت علی نے فلٹریشن پلانٹس کی صفائی، مشینری کی بروقت دیکھ بھال اور باقاعدہ مانیٹرنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔کمشنر نے موقع پر موجود عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو معیاری پینے کا پانی فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سید خالد گیلانی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب صاف پانی اتھارٹی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔