مثالی ٓٓآپریشن ساڑھے 5 ہزار سینٹری ورکرز ایک ہزار گاڑیاں حصہ لیتی رہیں
ضلع بھر میں آلائشیں اٹھانے ، ویسٹ کلیکشن، چونے کے چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے اور سڑکوں کی واشنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا،ورکرز کوشاباش اور عیدی بھی دی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سرگودھا میں عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی، عوامی سہولیات اور فیلڈ مانیٹرنگ کا مثالی آپریشن کامیابی سے جاری رہا۔ کمشنر سرگودھا ڈویڑن حافظ شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری عید کے تینوں روز مسلسل فیلڈ میں متحرک رہے اور صفائی سمیت تمام انتظامی امور کی خود نگرانی کرتے رہے ۔عیدالاضحیٰ کے پہلے روز سے ہی ستھرا پنجاب ایجنسی نے بڑے پیمانے پر اسپیشل کلین اپ آپریشن کا آغاز کیا، جس میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد سینٹری ورکرز، ایک ہزار سے زائد مشینری اور ویسٹ کلیکشن گاڑیاں حصہ لیتی رہیں۔ ضلع بھر میں آلائشیں اٹھانے ، ویسٹ کلیکشن، چونے کے چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے اور سڑکوں کی واشنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سرگودھا شہر سمیت کوٹ مومن، بھلوال، شاہپور اور دیگر علاقوں میں قائم اجتماعی قربان گاہوں، کلیکشن پوائنٹس، ڈمپنگ سائٹس، کنٹرول رومز اور صفائی کیمپوں کے مسلسل دورے کیے ۔ دونوں افسران نے فیلڈ میں موجود عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا، شہریوں سے ملاقاتیں کر کے فیڈ بیک حاصل کیا اور شدید گرمی میں فرائض انجام دینے والے ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش اور عیدی بھی دی۔کمشنر سرگودھا کا کہنا تھا کہ ’’صاف ستھرا سرگودھا‘‘ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ آخری آلائش اٹھانے تک صفائی آپریشن پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا جبکہ غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں دن انتظامیہ اور صفائی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں۔ آلائشیں نہروں، نالیوں، کھلے مقامات یا پانی میں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے بھی کیے گئے ۔ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ رہی اور باقیات جلانے ، سری پائے بھوننے اور حساس علاقوں میں ڈرون اڑانے پر پابندی برقرار رکھی گئی۔