صومالی وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ، تعاون بڑھانے پر اتفاق
صومالی وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ، تعاون بڑھانے پر اتفاق طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں،تعلیمی شراکت داری اور مشترکہ تحقیق پر تبادلہ خیال
فیصل آباد (سٹی رپورٹر )صومالی وفد نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن یاسین محمد کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وقاص وکیل، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد احسن خاں، پرنسپل آفیسر جہانزیب طارق، آصف علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی شراکت داری اور زرعی علوم میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صومالی وفد نے زرعی تعلیم، تحقیق اور اختراع کے میدان میں یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے طویل المدتی ادارہ جاتی روابط قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ اس وقت چار صومالی طلبہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اور جامعہ صومالیہ کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی پروگرامز، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کی خواہاں ہے ۔ دونوں فریقین نے دیرپا تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔