سرکاری اراضی پر قائم کی گئی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا
سرکاری اراضی پر قائم کی گئی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا سڑکوں و فٹ پاتھوں پر رکھا گیا بھاری سامان قبضے میں لے لیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کے شعبہ انکروچمنٹ کے انسپکٹرز عمر گجر اور مہر محمد رمضان نے عملے کے ہمراہ اردو بازار، فیصل بازار، بلاک نمبر 3، بلاک نمبر 12 اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی۔ اس دوران دکانداروں کی جانب سے سرکاری اراضی پر قائم کی گئی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر رکھا گیا بھاری سامان قبضے میں لے لیا گیاکارروائی کے دوران بارہا تنبیہ کے باوجود تجاوزات ختم نہ کرنے والے چار دکانداروں کی دکانیں سیل کر دی گئیں، جبکہ متعدد افراد کو آئندہ تجاوزات قائم نہ کرنے کی سخت وارننگ بھی جاری کی گئی میونسپل کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی، جس کے پیش نظر بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر کسی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔