سرکاری چڑیاگھر کے قیام کا منصوبہ تنازع کا شکار

سرکاری چڑیاگھر کے قیام کا منصوبہ تنازع کا شکار

منصوبے کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے دو سال بعد بھی بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور وائلڈ لائف تعمیراتی کاموں کی مکمل فزیکل اور مالی پیش رفت کی رپورٹ حکومت کو ارسال نہ کر سکےتعمیراتی کاموں میں مبینہ نقائص، بے ضابطگیوں اور معیار سے متعلق تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا، مراسلوں میں متعلقہ حکام کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ہیڈکوارٹر سرگودھا میں پہلے سرکاری چڑیا گھر کے قیام کا منصوبہ متعلقہ محکموں کی مبینہ غفلت، سست روی اور باہمی رابطوں کے فقدان کے باعث تنازع کا شکار ہو گیا ہے ۔ منصوبے کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے دو سال بعد بھی بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ وائلڈ لائف تعمیراتی کاموں کی مکمل جسمانی (فزیکل) اور مالی پیش رفت کی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال نہ کر سکے ، جس پر اعلیٰ حکام نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں،ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے قبل ازیں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایگزیکٹو انجینئر صوبائی بلڈنگز ڈویژن سے رابطہ کر کے چڑیا گھر کی پی سی ون اسکیم کے تحت جاری سول ورک کی جسمانی اور مالی پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ، آبزرویشنز کی روشنی میں دوبارہ مرتب کر کے ارسال کریں، تاہم متعدد یاد دہانیوں کے باوجود مطلوبہ رپورٹ تاحال جمع نہیں کرائی جا سکی،تعمیراتی کاموں میں مبینہ نقائص، بے ضابطگیوں اور معیار سے متعلق تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے باعث معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے ۔ انہی خدشات کی بنیاد پر چیف وائلڈ لائف رینجر کے شعبہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن نے سابقہ مراسلوں کا حوالہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے ،اورجاری کردہ ہدایات میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا کو سختی سے کہا گیا ہے کہ وہ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کے ساتھ فوری فالو اپ کریں اور مطلوبہ رپورٹ ترجیحی بنیادوں پر حاصل کر کے جمع کرائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں