نالوں کی عدم صفائی سے نقصانات‘ زمینداروں کا تحقیقات کا مطالبہ
نالوں کی عدم صفائی سے نقصانات‘ زمینداروں کا تحقیقات کا مطالبہمختلف واقعات میں2انسانی جانوں سمیت کروڑوں مالیت کے مویشی ضائع ہو چکے
بھیرہ (نامہ نگار )محکمہ ڈرینج کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث تحصیل بھیرہ کے سیم نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے زمینداروں اور کاشتکاروں کو بھاری جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ متاثرہ افراد کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سیم نالوں میں پیش آنیوالے مختلف واقعات میں دو قیمتی انسانی جانوں سمیت کروڑوں روپے مالیت کے مویشی ضائع ہو چکے ہیں، جس پر علاقہ بھر میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔زمینداروں محمد نواز، محمد بشیر سیال، محمد آصف اور فتح محمد نے الزام عائد کیا ہے کہ سیم نالوں کی صفائی کے لیے محکمہ ڈرینج کو سالانہ کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث نالے جڑی بوٹیوں اور آبی پودوں سے بھر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے متعدد مقامات پر سیم نالے دلدلی شکل اختیار کر گئے ہیں، جہاں جانوروں اور انسانوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی جانور نالے میں گر جائے تو گھنی جڑی بوٹیوں اور دلدلی کیچڑ میں پھنس کر اس کا نکلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔ زمینداروں کے مطابق حالیہ دنوں میں سیم نالوں میں 22 بھینسیں ہلاک ہوئیں جبکہ ایک 17 سالہ لڑکی اور 6 سالہ بچہ بھی جان کی بازی ہار گئے ، جس سے متاثرہ خاندانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے ۔متاثرین نے کہا کہ یہ صورتحال سیم نالوں کی صفائی اور نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتی ہے ۔ انہوں نے کمشنر سرگودھا ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا کہ سیم نالوں کی صفائی کے لیے جاری ہونے والے فنڈز کے استعمال کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے ۔زمینداروں اور کاشتکاروں نے مطالبہ کیا کہ سیم نالوں کی فوری صفائی کرائی جائے ، خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، مبینہ غفلت کے ذمہ دار افسروں ا ور اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ افراد کے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments