سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کا لوئیانگ پہنچنے پر پرتپاک استقبال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ نے تاریخی شہر لوئیانگ کے دورے کے دوران روایتی چینی لباس ہانفو زیب تن کیا اور چینی ثقافت و قدیم روایات کا عملی تجربہ حاصل کیا۔
چینی میزبانوں نے پاکستانی طلبہ کے اس اقدام کو سراہا۔پاک چین یوتھ کلچرل ایکسپیرینس سمر کیمپ 2026ء میں شریک سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کا لوئیانگ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں انہیں چین کی صدیوں پرانی ثقافتی روایات کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ہانفو پہننے کا تجربہ طلبہ کے لیے دورے کا ایک یادگار مرحلہ ثابت ہوا، جس کے دوران انہوں نے قدیم چینی ادوار سے جڑی روایات اور ثقافتی رنگوں کو قریب سے محسوس کیا۔وفد کا ہیروباس چائنا-پاکستان اکنامک اینڈ کلچرل سینٹر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر وانگ چون پنگ نے استقبال کیا۔اس موقع پر طلبہ نے سیمینار میں شرکت کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔طلبہ نے لوئیانگ قدیم شہر کا بھی دورہ کیا اور چین کے مختلف قدیم ادوار کے تاریخی و ثقافتی ورثے کا مشاہدہ کیا۔ تاریخی مقامات کی سیر کے دوران ہانفو زیب تن کرنے نے اس تجربے کو مزید منفرد بنا دیا اور طلبہ کو چینی تاریخ اور ثقافت سے محض مشاہدے کے بجائے عملی طور پر جڑنے کا موقع فراہم کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments