کمشنر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا
کمشنر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا نئے سرکاری دفتر کی تعمیر سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد منظوری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع خوشاب سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایس ای ھائی ویز، ایکسین ایریگیشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ خوشاب اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، تخمینہ لاگت، فنڈز کے استعمال، تعمیراتی معیار اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں جوہرآباد ضلع خوشاب میں ڈپٹی کمشنر آفس و کمپلیکس کی تعمیر و بحالی اور نوشہرہ ضلع خوشاب میں پیرا (PERA) کے انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام اور نئے سرکاری دفتر کی تعمیر سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دی گئی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر کام کے آغاز اور تکمیل کے مراحل میں مقررہ قواعد و ضوابط، تعمیراتی معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ اور دستیاب وسائل کے شفاف و موثر استعمال کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے کہا کہ سرکاری عمارات اور عوامی سہولیات سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل سے اداروں کی استعدادِ کار میں بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور رفتار کو مقدم رکھا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments