شادیاں شروع ہوتے ہی آرٹیفیشل جیولری کی مانگ بڑھ گئی
شادیاں شروع ہوتے ہی آرٹیفیشل جیولری کی مانگ بڑھ گئی مارکیٹ میں دلہنوں کے لیے نت نئی زیورات متعارف کروائے جا رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں شادیوں کی تقریبات عروج پر پہنچنے کے ساتھ ہی آرٹیفیشل زیورات کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے ، مارکیٹ میں دلہنوں اور خواتین کے لیے نت نئی ورائٹی کے زیورات متعارف کروائے جا رہے ہیں، جبکہ عروسی لباس سے ہم آہنگ زیورات استعمال کرنے کا رجحان بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے ۔ مارکیٹ میں عام آرٹیفیشل جیولری سیٹ کی قیمت 20 ہزار سے 30 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ اس سے زیادہ قیمت کے اعلیٰ معیار کے سیٹ بھی دستیاب ہیں۔ دوسری جانب شادیوں کی تقریبات کے باعث ہوٹلوں میں بکنگ کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے ، تاہم مہنگائی کے اثرات شادیوں کے انتظامات پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ٹینٹ سروسز فراہم کرنے والے بعض مالکان مہنگائی کو جواز بنا کر منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں، جس سے شادی کی تقریبات کے اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ یوں شادیوں کے سیزن میں جہاں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے ، وہیں مہنگے زیورات، ہوٹل بکنگ اور ٹینٹ سروسز کے بڑھتے اخراجات نے شادی بیاہ کے انتظامات کو شہریوں کے لیے مہنگا بنا دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments