عالمی یوم ذہنی صحت کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام
عالمی یوم ذہنی صحت کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام قوم کی ترقی کے لئے نوجوانوں کا ذہنی طور پر صحت مند ہونا بہت ضروری ، مقررین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شعبہ نفسیات اور کونسلنگ سنٹر یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام عالمی یوم ذہنی صحت کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی کے ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں ایک خصوصی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) تھے ۔ سیمینار کا مقصد معاشرے میں ذہنی صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل اور ان کے مؤثر حل کے بارے میں آگاہی تھا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان بھی موجود تھے ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور کامیابی میں اس کے افرادبالخصوص نوجوانوں کا ذہنی طور پر صحت مند ہونا بہت ضروری ہے جس کے لئے ہمیں افراد کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف اور اپنے ذہنوں کو انتہا پسندی اور منفی روئیوں سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر قوم میں مختلف مسائل جنم لیتے رہتے ہیں جن سے مختلف معاملات سامنے آتے ہیں اور ان میں ذہنی مسائل سرفہرست ہیں جن کے حل کے لئے ہمیں آپس میں اچھی کو آرڈی نیشن، ایک دوسرے سے ہمدردی اور برداشت کا جذبہ پیدا کرنا ہے ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہم نصابی مقابلہ جات اور آرٹ صحت مند سرگرمیوں کا سب سے اہم ذریعہ ہیں اور اس سے طالب علموں کی ذہنی استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اس موقع پر شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر نجمہ اقبال ملک نے سیمینار اور ذہنی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے سامعین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت ایک بنیادی انسانی حق ہے اور ہمارا شعبہ تعلیم و تحقیق کے ساتھ طالب علموں کی کونسلنگ اور نوجوانوں کو ذہنی صحت کے حوالے سے شعور اور آگاہی فراہم کررہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments