ستھرا پنجاب کے تحت باہمی تعاون یقینی بنایا جائے ، ایم ڈی
ستھرا پنجاب کے تحت باہمی تعاون یقینی بنایا جائے ، ایم ڈی افسران زیادہ سے زیادہ فیلڈ میں موجود رہیں، صفائی کے انتظامات کا خود جائزہ لیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری محمد اکمل نے کہا ہے کہ وزیر بلدیات کی ہدایات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ شہر اور ضلع بھر میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔ اس مقصد کے لیے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز، لوکل گورنمنٹ، ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو مانیٹرنگ کے اختیارات دیے گئے ہیں تاکہ صفائی کے امور کی مؤثر نگرانی اور شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران زیادہ سے زیادہ فیلڈ میں موجود رہیں، صفائی کے انتظامات کا خود جائزہ لیں اور عوامی شکایات موصول ہونے سے پہلے ہی مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران ستھرا پنجاب کی ٹیموں اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران (ایف ایم اوز) سے مسلسل رابطہ رکھیں، عملے کی حاضری چیک کریں اور جہاں کہیں گندگی یا صفائی سے متعلق مسئلہ سامنے آئے ، فوری طور پر متعلقہ ٹیم کو آگاہ کرکے اس کے حل کو یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments