گندم کی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کر دی ،عاشق کرمانی
گندم کی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کر دی ،عاشق کرمانی گندم کی کاشت کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے اتفاق رائے سے گندم کی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کر دی ہے ۔سرگودھا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 17 لاکھ 25 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ، مقررہ اہداف سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں،سید عاشق حسین کرمانی نے سرگودھا میں گندم کی کاشت بارے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ گندم کی کاشت سے ہارویسٹنگ تک کاشتکاروں کو باقاعدگی سے ایڈوائزری فراہم کی جائے گی۔پنجاب سیڈ کارپوریشن صرف اپنے سیل پوائنٹس پر براہ راست کاشتکاروں کو گندم کا بیج فروخت کرے ۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج پر کاشتکاروں کے لیے 32 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے ۔پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج 800 روپے فی بیگ سبسڈی کے بعد 7000 روپے میں دستیاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کسان کارڈ کے ذریعے ربیع سیزن کے لیے 150 ارب روپے کا بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے ۔کسان کارڈ کے ذریعے ڈی اے پی کھاد کی خریداری کے لیے 17 ارب روپے کی اضافی بلا سود رقم بحساب 3500 روپے فی ایکڑ فراہم کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments