نجی سکولوں کے این اوسی کی تحقیقات ٹھپ
گنجان آبادیوں ،گلی محلوں میں قائم سکولوں کی عمارتیں انتہائی ناقص ،متعلقہ حکام چیک تک نہیں کرتے ،خطرناک ہونے کے باوجود سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا پانی کی سہولت کیلئے واٹر ٹیسٹ رپورٹ حاصل کرنا معمولی بات ،بیشتر سکولوں میں پانی ہی دستیاب نہیں ہر سکول کتب ،کاپیاں، یونیفارم خریدنے پر مجبور کرتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن اور نجی سکولوں کے این او سی کے اجراء کے حوالے سے مختلف نوعیت کی سنگین بے ضابطگیوں کی تحقیقات اثرو رسوخ کے باعث ٹھپ کر دی گئی ،جبکہ قوائد و ضوابط پورا کرنے کے نام پر ہونیوالی کاروائیوں نے میرٹ پالیسی کو داؤ پر لگا رکھی ہیں ،ذرائع کے مطابق نجی سکولو ں کی رجسٹریشن کیلئے ایجوکیشن اور ہیلتھ اتھارٹیوں میں بیٹھے مافیاز کے ذریعے مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹس جعلی اور بوگس تیار کروا کر فائلوں میں شامل کئے جاتے ہیں، بالخصوص گنجان آبادیوں ،گلی محلوں میں قائم سکولوں کی عمارتیں انتہائی ناقص ہونے کے باوجود متعلقہ حکام چیک تک نہیں کرتے ،یہاں تک کہ خطرناک ہونے کے باوجود دفاتر میں بیٹھ کر بلڈنگ کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے اسی طرح پینے کے پانی کی سہولت کے نام پر رجسٹرڈ کمپنیوں کا منرل واٹر چیک کروایا کر واٹر ٹیسٹ رپورٹ حاصل کرنا معمولی بات ہے ،جبکہ بیشتر سکولوں میں زمینی پانی ہی دستیاب ہے اور بچے پینے کیلئے پانی گھروں سے لاتے ہیں،لگ بھگ ہر سکول کمیشن پر بچوں کو کتب ،کاپیاں، یونیفارم خریدنے پر مجبور کرتا ہے ، اور اس حوالے سے موصولہ شکایات ملی بھگت کر کے دبا لی جاتی ہیں، یہی نہیں ضلع میں لگ بھگ ساڑھے 4 سو سے زائد نجی سکولز سرے سے رجسٹرڈ ہی نہیں ،اسی طرح دیگر امور میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی وجہ سے جہاں قومی خزانے کو خطیر نقصان پہنچایا جا رہا ہے وہاں قوائد و ضوابط پر عملدرآمد ایک چیلنج بن کر رہ گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments