بھیرہ انتظامیہ تجاوزات ختم کرانے میں ناکام
واپڈا کا ٹرانسفارمر عوامی مطالبات کے باوجود منتقل نہیں کیا جا سکا
بھیرہ(نامہ نگار)انتظامی ادارے چوک دروازہ چکوالا میں قائم تجاوزات ختم کرانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ملکہ وکٹوریہ کے عہد میں تعمیر ہونے والے تاریخی دروازہ کے ایک جانب نصب واپڈا کا ٹرانسفارمر عوامی مطالبات کے باوجود تاحال وہاں سے منتقل نہیں کیا جا سکا، جبکہ دوسری جانب سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لیے کھودا جانے والا کم از کم آٹھ فٹ گہرا گڑھا بھی عوامی احتجاج کے باوجود بند نہیں کیا گیا۔ کھلے گڑھے کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کے کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ اس میں پانی جمع ہونے سے تاریخی دروازے کی بنیادوں کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تاریخی ورثے کی حفاظت اور عوامی تحفظ انتظامی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ، مگر ایک اہم تاریخی مقام پر اس طرح کی صورتحال برقرار رہنا باعث تشویش ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوک دروازہ چکوالا سے تجاوزات ختم کرائی جائیں، واپڈا ٹرانسفارمر کی مناسب جگہ منتقلی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر کھودے گئے گڑھوں کو فوری طور پر محفوظ طریقے سے بند کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارت کو بھی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments