شان کی ساتھی فنکاروں کیساتھ ارتھ 2کی تشہیری مہم کا آغاز
اداکار ، ہدایتکار ، مکالمہ نگار ،سکرپٹ رائٹر اور فلمساز شان شاہد نے اپنی نئی فلم ارتھ 2 کی کراچی میں تشہیری مہم کا آغاز گزشتہ روز میکڈونلڈز سی ویو سے کیا ،
کراچی (سٹاف رپورٹر) اس موقع پر انکے ہمراہ اداکار محب مرزا،حمائمہ ملک، عمو(فیوژن گروپ)موجود تھے جبکہ اداکارہ عظمیٰ حسن والدہ کی بیماری کی بنا پر اس مہم میں شامل نہیں ہیں۔شان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی آنا بہت اچھالگتا ہے ، کراچی کے لوگوں نے جس طرح ہمیں خوش آمدید کہا ہے ہم بھی فلم میں ان کو مایوس نہیں کرینگے ۔انہوں نے کہا فلم ارتھ 2 دنیا بھر میں رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں ریلیز کی جارہی ہے ۔ محب مرز ا نے کہا شان بڑا اداکار ہی نہیں بہترین ہدایتکار بھی ہے اسکے ساتھ کام کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا ، حمائمہ ملک نے کہا میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں کہ میں شان کی فلم کی ہیروئین بنی ہوں ۔فیوژن گروپ کے عمو نے کہا فلم میں ایک کردار کرکے احساس ہوا کہ گلوکار کی زندگی پر فلم بنانا کتنا مشکل کام ہے ۔ چیف مارکیٹنگ آفیسر میکڈونلڈز جمیل مغل نے کہا ہم پاکستانی فلم انڈسٹری کو ہمیشہ سپورٹ کرتے رہیں گے ۔