تمباکو صنعت پر عائد ٹیکس تین سلیب میں تبدیل کرنے کی تجویز

 تمباکو صنعت پر عائد ٹیکس تین سلیب میں تبدیل کرنے کی تجویز

تجویز تمباکو صنعت نے دی ، ایف بی آر نے وزارت صحت سے مشاورت نہیں کی

اسلام آباد(ایس ایم زمان)ایف بی آر نے وزارت قومی صحت سے مشاورت کے بغیر تمباکو صنعت پر عائد ٹیکس کو بجٹ2017-2018 میں تین سلیب میں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے ۔ ایف بی آر کو مذکورہ تجویز مبینہ طورپر تمباکو صنعت کی جانب سے پیش کی گئی ہے جبکہ وزارت قومی صحت نے موجودہ ٹیکس سلیب کی شرح میں اضافے کی تجویز ایف بی آر کو بھجوائی تھی۔ ایف بی آر تمباکو صنعت سے دو سلیب کے تحت ٹیکس وصول کررہا ہے اور مذکورہ سلیب کے مطابق رواں سال 2016-2017میں 88 روپے سے کم قیمت کے سگریٹ پیکٹ پر 32.98 روپے اور 88روپے سے زائد قیمت کے سگریٹ پیکٹ پر 74.10 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے جبکہ سگریٹ کے فی راڈ پر 0.75 پیسے ویلیوایٹڈ ٹیکس(VAT) وصول کیاجاتا ہے ۔ایف بی آر کو مبینہ طورپر تمباکو صنعت کی جانب سے ٹیکس کوتین سلیب میں عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے مطابق 60روپے تک کے سگریٹ پیکٹ پر 34روپے ، 60تا 100روپے تک کے سگریٹ پیکٹ پر 60روپے اور 100سے زائد روپے کے سگریٹ پیکٹ پر 80روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز زیرغورہے جبکہ وزارت قومی صحت نے موجودہ سلیب کو برقرار رکھتے ہوئے 88روپے تک سگریٹ پیکٹ پر 40روپے اور 88روپے سے زائد سگریٹ کے پیکٹ پر 80روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز بھجوائی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے مذکورہ ٹیکس سلیب عائد کرنے کے حوالے سے وزارت قومی صحت سے مشاورت نہیں کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں