بجٹ،تمباکوصنعت پرعائدٹیکس تین سلیب میں تبدیل

بجٹ،تمباکوصنعت پرعائدٹیکس تین سلیب میں تبدیل

ایف بی آرکی تجویزسے سگریٹ سستے ہونگے ، سگریٹ نوشی میں اضافہ ہوگا

اسلام آباد(ایس ایم زمان)ایف بی آر نے وزارت قومی صحت کی سفارشات کے برعکس مبینہ طورپر سگریٹ صنعت کو فائدہ دینے کیلئے تمباکو صنعت پر عائد ٹیکس کوآئندہ مالی سال 2017-2018 میں تین سلیب میں تبدیل کردیا ہے ۔ ایف بی آر کے تجویز کردہ نئے ٹیکس سلیب سے ملک میں سگریٹ سستے ہوجائیں گے اور سگریٹ نوشی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونیوالے سگریٹ برانڈ کے پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 16 روپے کردی گئی ہے جبکہ قبل ازیں کم سے کم 32.98 روپے ٹیکس وصول کیاجاتا ہے ۔ وزارت قومی صحت نے موجودہ ٹیکس سلیب کی شرح میں اضافے کی تجویز ایف بی آر کو بھجوائی تھی۔ ایف بی آر تمباکو صنعت سے دو سلیب کے تحت ٹیکس وصول کررہا ہے اور موجودہ ٹیکس سلیب کے مطابق 88 روپے سے کم قیمت کے سگریٹ پیکٹ پر 32.98 روپے اور 88روپے سے زائد قیمت کے سگریٹ پیکٹ پر 74.10 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے اور سگریٹ کے فی رارڈ پر 0.75پیسے ویلوایڈیٹ ٹیکس (VAT) وصول کیاجاتا ہے ۔ایف بی آر نے وفاقی بجٹ میں آئندہ مالی سال سے تمباکوصنعت کیلئے تین ٹیکس سلیب کرنے کی تجویزدی ہے۔ وفاقی بجٹ 2017-2018کی ٹیکس تجاویز کے مطابق نئے اور پہلے ٹیکس سلیب کے تحت 58.5روپے تک سگریٹ پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 16روپے ہوگی او ر دوسرے ٹیکس سلیب کے مطابق 58.5 تا 90روپے تک سگریٹ کے پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 33.40روپے اور تیسرے ٹیکس سلیب کے تحت 90 روپے سے زائد قیمت کے سگریٹ پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 74.80روپے وصول کی جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونیوالے سگریٹ برانڈز کی قیمت 47روپے ہوجائیگی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سگریٹ کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیاجائے اور پائیدار ترقی اہداف 2030کے تحت ملک میں سگریٹ نوشی شرح کو 19.7فیصد سے کم کرکے 13فیصد تک لانا ہے ۔وزارت صحت نے ملک میں سگریٹ نوشی کی شرح کم کرنے کیلئے سگریٹ پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح زیادہ سے زیادہ کرنے کی تجویز دی تھی اور وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڈ نے ایف بی آر کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی40فیصد کرنے کیلئے خط بھی لکھاتھا۔تاہم ایف بی آر کے تمباکوصنعت کیلئے نیا ٹیکس سیلب سے ملک میں سگریٹ کی فروخت میں اضافے کا باعث بن سکتاہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں