پاک ایران تجارتی،اقتصادی تعلقات کا فروغ ضروری:صدر زرداری

پاک ایران تجارتی،اقتصادی تعلقات کا فروغ ضروری:صدر زرداری

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں) صدر آصف زرداری نے پاکستان اور ایران کے باہمی فائدے کے لئے بارڈر تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔ ایرانی سفیر نے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم، بینکنگ تعاون ، فضائی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان چاہ بہار زا یدان ریل روڈ سے وسط ایشیا، یورپ اور ترکی کے ساتھ تجارت کے لئے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔ ادھر صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ فلسطینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے فلسطینی عوام کی بہادری اور اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کو سراہا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں