گندم: میرے خلاف انکوائری کی خواہش رکھنے والوں کو مایوسی ہوگی: محسن نقوی

گندم: میرے خلاف انکوائری کی خواہش رکھنے والوں کو مایوسی ہوگی: محسن نقوی

لاہور(سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ لوگوں کی خواہش ہے کہ میرے خلاف کوئی انکوائری ہوجائے، کسی کی خواہش پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا،پنجاب میں گندم کے معاملے پر انکوائری کمیشن کو کچھ نہیں ملے گا۔۔۔

 پنجاب حکومت کا گندم کے معاملے سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہے، پنجاب حکومت بیرون ملک سے نہیں یہاں کسانوں سے گندم خریدتی ہے ، گندم درآمد کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے ،میں نے اور میری پوری ٹیم نے 12،13 ماہ کام کیا، رشوت لینے اور دینے والے پر لعنت ہے، اگر 10 سال بعد بھی ہمارے خلاف کچھ نکل آیا تو جواب دہ ہوں گے، کے پی پولیس کی تعریف نہیں کروں گا تو زیادتی ہوگی، خیبرپختونخوا کے آئی جی اور پولیس دن رات کام کر رہی ہے ، دہشتگرد ناکام ہوں گے ، ایف آئی اے لاہور آفس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں لاہور کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی (لیسکو )میں کوئی اوور بلنگ نہیں ہوگی، باقی ڈیسکوز میں اوور بلنگ بہت حد تک رکی ہے ، اگرچہ وہ ان کا اپنا اندرونی معاملہ ہے ۔

اوور بلنگ کے حوالے سے ایف آئی اے ، خاص طور پر لاہور ریجن نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے ، پاور ڈویژن اور وزیر اعظم نے مکمل سپورٹ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں 31 کروڑ یونٹس صارفین کو واپس کیے گئے ہیں، اوور بلنگ رک گئی ہے ، آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس معاملے پر 102 کے قریب ایف آئی آرز ہوئی تھیں، آج اس سلسلے میں شیخو پورہ سے ایک گرفتاری ہوئی ہے ، وہ بڑے پیمانے پر اوور بلنگ کے معاملے میں ملوث تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کام کرتا رہے گا، نئی باڈی بن رہی ہے، فیک نیوز کے حوالے سے قوانین اور نئی باڈی چاہیے ، اس میں کوئی غلط چیز نہیں ہے، ہر ادارہ اپنا کام کرتا رہے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں