گورنر خیبرپختونخوا ،ارکان اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات:منتخب نمائندے بجلی چوری روکنے میں مدد کریں:شہبازشریف

گورنر خیبرپختونخوا ،ارکان اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات:منتخب نمائندے بجلی چوری روکنے میں مدد کریں:شہبازشریف

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے ، ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، کے پی کے کے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں محنت کریں۔

 بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،منتخب ارکان اسمبلی بجلی چوری روکنے میں مددکریں ، عوام کا ریلیف آپکی اولین ترجیح ہوناچاہئے ۔ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا اثاثہ ہے ، ملکی ترقی نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے جڑی ہے ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔خیبر پختونخوا کے قومی وصوبائی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ،خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے غریب ومتوسط طبقے کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وہاں دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ملاقات میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی شامل تھے ، انہوں نے امن وامان سمیت دیگر مسائل پر وزیراعظم سے بات کی ۔ وزیرِ اعظم نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک کمیٹی قائم کر دی جو خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرے گی۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔

بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔فیصل کریم کنڈ ی کا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہناتھاکہ صوبوں میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے ،کے پی کے کے عوام کے مسائل کے حل کی بات کرینگے ،اس میں سیاست نہیں کرینگے ۔ دریں اثنا شہبازشریف نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ،ان کو وسائل فراہم کئے جائیں تو وہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تمام تر تربیتی پروگرامز کا محور روزگار کی فراہمی ہونا چاہئے ،جاب مارکیٹ کا تفصیلی سروے کروا کر اس کے مطابق ترجیحی شعبوں میں سکل ٹریننگ کا آغاز کیا جائے ۔ قبل ازیں اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او)کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ پاکستان ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کے فروغ اور تنظیم کی اصلاحات کے ایجنڈے کے لئے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ بعدازاں شہباز شریف سے سینئر سیاستدان اورعوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور نے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں