سرکاری محکموں میں فائل کلچر ختم، روٹی مہنگی نہیں بیچنے دینگے: مریم نواز

سرکاری محکموں میں فائل کلچر ختم، روٹی مہنگی نہیں بیچنے دینگے: مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی شہر میں مقررہ نرخ سے زائد مہنگی روٹی فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، صوبہ بھر کی عوام کو کنٹرول ریٹ پر آٹا فراہم کیا جائے ۔سرکاری محکموں میں فائل کلچر کو ختم کر رہے ہیں ، آئی ٹی بیسڈ ریفارمز سے شہریوں کو ایجنٹ مافیا اور کرپشن سے نجات ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گزشتہ روز مری سے لاہور پہنچتے ہی پرائس کنٹرول پر خصوصی اجلاس طلب کر لیا، جس میں مریم نواز کو اشیاء ضروریہ کے نرخوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ضروری اشیاء خور و نوش کے نرخ تمام دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے کم ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں پرائس کنٹرول پر اظہار اطمینان کیااور انتظامی کاوشوں کو سراہا۔ مریم نواز نے صوبہ بھر میں روٹی کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہر ضلع میں اشیائے خورو نوش کے نرخ کا الگ الگ جائزہ لیا ، انہوں نے روٹی اور آٹا کے نرخ بھی معلوم کئے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ایل ڈی اے میں ڈیجیٹل ریفارمز کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، پنجاب بھر کے اداروں کو ماڈرن لائنز پر ڈیجیٹلائز بنا رہے ہیں،شہریوں کو طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار نہیں کرنا پڑے گا،دستک پائلٹ پراجیکٹ کے بہترین رزلٹ مل رہے ہیں، بتدریج دائرہ کار کو وسعت دیں گے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں آن لائن رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری کا آغاز کردیا گیاہے ،اب شہری ایل ڈی اے سے گھر بیٹھے آن لائن رہائشی نقشوں کی منظوری کرا سکتے ہیں،انہیں ایل ڈی اے دفتر آنے کی ضرورت نہیں،شہری ایل ڈی اے موبائل ایپ اور ویب سائٹ lda. Gop. Pk پر جاکر سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔مریم نوازشریف نے حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمانؒ الہجویری ؒکی دینی و روحانی خدمات کو حرف عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒنے محبت، احترام، امن اور رواداری کا پیغام عام کیا ۔انہوں نے داتا صاحب ؒکے 981 ویں عرس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اورمنتظمین کو ہدایت کی کہ زائرین ہمارے مہمان ہیں، محبت سے پیش آئیں۔

انہوں نے کہا کہ زائرین اور عقیدت مندوں کو محبت اور احترام کے ساتھ لنگر پیش کیا جائے ، سبیلوں پر رش سے بچنے کے لئے بہترین نظم و ضبط کا اہتمام کیا جائے ۔ وارڈن اور افسر عرس کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے قلات میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اورشہید لیویز،پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں