آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت سے ملاقاتیں
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں معززین نے علاقائی امن، دفاعی اور سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزیدبڑھانے کیلئے حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر جامع بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اس وقت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ شاہی محل پہنچنے پرسعودی ولی عہد نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کاپرتپاک استقبال کیا۔آرمی چیف نے پاکستان کیلئے ان کی مستقل حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے سعودی مملکت کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان ،معاون وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللہ العتیبی اوررائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف ایئر چیف مارشل فیاض بن حمید بن رقیب الرویلی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔