مویشی پال فارمرز کیلئے بلا سود قرض پراجیکٹ کا آغاز:ترقی کا سفر شروع ہو چکا،سب کو شریک کرینگے:مریم نواز

مویشی پال فارمرز کیلئے بلا سود قرض پراجیکٹ کا آغاز:ترقی کا سفر شروع ہو چکا،سب کو شریک کرینگے:مریم نواز

لاہور(سٹی رپورٹر،اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بے مثال اور منفرد تاریخی سکیم متعارف کراد ی، مویشی پال فارمرز کے لئے 11ارب روپے کے بلا سود قرضوں کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ۔وزیراعلیٰ لائیوسٹاک کارڈکی رجسٹریشن شروع ہوگئی۔

لائیو سٹاک کارڈ 15 دسمبر سے فنکشنل ہوگا، کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈڈیلرسے ونڈا،منرل مکسچراور سائلج خریدا جاسکے گا، لائیوسٹاک کارڈ سے پنجاب بھر میں 80ہزار فارمرز مستفید ہوں گے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پنجاب کے دیہات میں بسنے والے ہر فارمرکی معاشی خود مختاری کیلئے تمام تر اقدامات کررہے ہیں ، کاشتکاراور لائیو سٹاک فارمر کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے ، سب کوشریک کریں گے ۔سکیم کے تحت مویشی پال فارمر27ہزار روپے فی جانور قرض حاصل کر سکیں گے ۔ فارمر اپنے مویشیوں کے لئے 2لاکھ 70ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کرسکے گا ، فارمرز کو 4ماہ میں قرض کی مساوی اقساط ملیں گی۔4ماہ کے بعد پے منٹ کرنا ہوگی ۔مویشی پال فارمرز قریبی ویٹرنری ہسپتال سے لائیوسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کر ا سکتے ہیں ۔ رجسٹریشن کے لئے PLC اور شناختی کارڈ نمبر 8070پر میسج بھیجا جا سکے گا ۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فارمرز کی آسانی کے لئے ہیلپ لائن 0800-09211 بھی فنکشنل کر دی گئی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جنگ اور مسلح تنازعات میں انوائرمنٹ کے استحصال کے تدارک کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے جنگ اور تنازعات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں اور قیمتی ماحول کو بھی برباد کر دیتے ہیں۔غزہ اور دیگر علاقوں میں جنگ سے انسان ہی نہیں، ماحول بھی تباہی کا شکار ہو رہا ہے ۔ جب بھی جنگ ہوتی ہے ، ماحول، قدرتی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار ہوتی ہے ۔ماحولیات کے تحفظ کے لئے پائیدار اور مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قدرتی وسائل کی حفاظت کرنی ہوگی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قومی سنوکر سٹار محمد آصف کو تیسری بار ورلڈ سنوکر چیمپئن بننے پر مبارک باد دی۔وزیر اعلیٰ نے محمد آصف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا محمد آصف نے تیسری بار سنوکرورلڈ چیمپئن بن کر سر فخر سے بلند کردیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں