3ماہ کیلئےبجلی سہولت پیکیج:گزشتہ3برسوں کے مقابلے میں زیادہ بجلی کے استعمال پر26روپے 7پیسے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائیگا،ریلیف دسمبر،جنوری،فروری میں ملے گا

3ماہ کیلئےبجلی سہولت پیکیج:گزشتہ3برسوں کے مقابلے میں زیادہ بجلی کے استعمال پر26روپے 7پیسے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائیگا،ریلیف دسمبر،جنوری،فروری میں ملے گا

اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے دسمبر تا فروری تین ماہ کیلئے ‘بجلی سہولت پیکیج ’کا اعلان کیا ہے جس کے تحت گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین کو سردیوں میں پچھلے 3 سال کے مقابلے میں زیادہ بجلی کے استعمال پر 26 روپے 7 پیسے یونٹ تک ریلیف ملے گا۔

پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کو 30 سے 50 فیصد،صنعتوں کو 18 سے 37 فیصد اور کمرشل صارفین کو مجموعی طور پر 34 سے 37 فیصد بچت ہو گی ۔وزیراعظم نے کہا بجلی کی قیمت میں کمی سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، معیشت مضبوط اور درجہ بندی تیزی سے بہتر ہوگی۔ یہ اعلان انہوں نے یوم اقبال کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بجلی صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا سردیوں کے موسم میں تین مہینوں دسمبر، جنوری اور فروری میں صارفین کو بجلی سہولت پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے ، پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کیلئے پچھلے سالوں کی نسبت اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ہو گا،بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

صنعتوں کو مجموعی طور پر 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی، صنعتوں کیلئے مجموعی طور پر 18 سے 37 فیصد تک نرخوں میں کمی آئے گی۔کمرشل صارفین کیلئے 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی اور مجموعی طور پر کمرشل استعمال پر 34 سے 37 فیصد بچت ہو گی۔ شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہو کر ملکی معیشت کو مستحکم اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا علامہ اقبال نے اپنی شاعری نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر، تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں کے ذریعے نوجوانوں کو خود داری کا پیغام دیا، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو پیغام دیا، ہمیں اس پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، کیا وجہ ہے کہ ہم اس پیغام کو بھول گئے اور آج 77 سال بعد بھی پاکستان آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا ہم قرآن پاک، حضور اکرمﷺ کی تعلیمات اور علامہ اقبال کے فرمودات کو بھول گئے ، جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں وہ ہم سے آگے نکل گئیں اور ہم منزل کی جانب ابھی تک گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ، موجودہ حکومت اﷲتعالیٰ کے فضل و کرم سے اس پیغام کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے ، ہم نے وفاقی حکومت کے اخراجات پر قدغن لگائی ہے ، حالیہ مہینوں میں ملکی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے ، گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 32 فیصد پر تھی جو آج کم ہو کر 6.7 فیصد اور بینکوں کے قرضوں پر شرح سود کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے ، اس سے سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، زرعی ترقی ہو گی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا بجلی کی لاگت میں کمی سے پیداوار، صنعت، زراعت، کاروبار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، معیشت مزید مستحکم ہو گی۔شہباز شریف نے کہا بجلی قیمت میں کمی کے پیکیج پر وزیر توانائی اویس لغاری، سیکرٹری توانائی اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سب کچھ صرف میری وجہ سے نہیں بلکہ ٹیم ورک کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا معاشی جکڑبندیوں کی وجہ سے ہم معاشی طور پر آزاد نہیں ہیں مگر ملک کی معاشی صورت حال آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہا امید ہے یہ آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے آخری پروگرام ہو گا، اس کے بعد ہمارا ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا اور ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تین ماہ میں 8.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جس پر ان کا شکرگزار ہوں۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے حالات زندگی اور افکار پر مشتمل خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ تقریب میں معروف گلوکار شہزاد رائے اور گلوکارہ ڈاکٹر معصومہ انور نے کلام اقبال پیش کیا۔ ننھے منے بچوں نے بھی علامہ اقبال کا دعائیہ کلام پیش کیا۔ وزیراعظم نے سٹیج پر جا کر بچوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ 3 سالوں کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا، سہولت پیکیج کا اطلاق مالی سال 2022 کے مقابلے میں 20 فیصد، مالی سال 2023 کے مقابلے میں 30 فیصد مالی سال 2024 کے مقابلے میں 50 فیصد اضافی استعمال پر ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ، آئندہ تین سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں، فائیو جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا حصول ممکن ہوگا ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وی آن (VEON)گروپ کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں