کچے میں 1کروڑ سر کی قیمت والے شاہد لنڈ سمیت2ڈاکو ہلاک

کچے میں 1کروڑ سر کی قیمت والے شاہد لنڈ سمیت2ڈاکو ہلاک

لاہور،راجن پور،رحیم یارخان(کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)کچے کے علاقے میں ایک کروڑ سر کی قیمت والا اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ اور اندھڑ گینگ کا سرگرم رکن حیدری ملنگ مارے گئے ۔

ذرائع کا کہناہے کہ شاہدلنڈکوکچہ بنگلہ اچھا میں اس کے کزن عمر لُنڈ نے کاروکاری کے تنازع پر قتل کردیا جبکہ ضلع راجن پور کے پولیس افسر کے مطابق شاہد لُنڈ پولیس مقابلے میں مارا گیا ،اس کے سرکی قیمت ایک کروڑ روپے مقررتھی ،ہلاک ڈاکو شاہد لُنڈ سوشل میڈیا پر پولیس کو دھمکیاں دیتا تھا۔پنجاب پولیس کی جانب سے بھی ڈاکو شاہد لُند کی ہلاکت پر بیان جاری کیا گیا ،پنجاب پولیس نے شاہد لُنڈ کا کریمنل ریکارڈ بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا اور شاہد لُنڈ کی ہلاکت کو کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں لُنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک ہوگیا،یہ پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔

آئی جی پنجاب نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دی ۔خیال رہے کہ اگست میں ڈاکو شاہد لُنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی محکمہ داخلہ کے نمبر پر مبینہ کال کرتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی تھی جس میں اس نے گفتگو میں کہا تھاکہ میں شاہد لُنڈ بات کررہا ہوں لسٹ میں میرا نام سب سے پہلے ہے ، اصل جو ملزم ہیں ان کے نام نہیں ہیں، انعام کے اعلان والی فہرست درست نہیں اسے دوبارہ بنائیں۔ دوسری طرف رحیم یار خان پولیس کے کچے کے علاقے پکا چانڈیا میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں اندھڑ گینگ کا سرکردہ ڈاکو حیدری ملنگ مارا گیا،کلاشنکوف اورسینکڑوں گولیاں برآمد کرلی گئیں ۔ ترجمان رحیم یار خان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اوریہ بھونگ میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں