عمران خان کی رہائی کیلئے اسی ماہ گھروں سے نکلیں گے:علی امین:یہ اعلانات صرف بڑھکیں،احتجاجی کال سے حکومت کو خطرہ نہیں:خواجہ آصف

عمران خان کی رہائی کیلئے اسی ماہ گھروں سے نکلیں  گے:علی امین:یہ اعلانات صرف بڑھکیں،احتجاجی کال سے حکومت کو خطرہ نہیں:خواجہ آصف

صوابی،اسلام آباد(دنیا نیوز، ایجنسیاں) وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوابی جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کارکن عمران خان کی رہائی کیلئے اسی ماہ گھروں سے نکلے ، بانی پی ٹی آئی اسی ماہ فائنل کال دیں گے ، کارکنان تیاری شروع کردیں ۔

اب ہم اپنے قائد کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ  عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کے لئے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں ۔آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب ہمیں بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لئے نکلنا ہے ، آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے د ئیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔علی امین نے کہاکہ کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے اورعمران خان کو رہا کروانے تک واپس نہیں آئیں گے ۔ صوابی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاتھ اٹھا کر حلف دو بانی کی کال پر رہائی تک واپس نہیں آئینگے ، حقیقی آزادی لینے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔ پارٹی میں جو بھی فیصلہ ہوتا ہے اس کے حقدار صرف بانی پی ٹی آئی ہیں، ان کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے ۔ ہمارا لیڈر اور دیگر لوگ جیلوں میں ہیں ان کا حساب دینا ہوگا، بلوچستان اور سندھ میں ہمارے لوگوں کیساتھ جو ہورہا ہے ہم اس کا جواب لیں گے ۔

پی ٹی آئی میں آیا تو میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا، پہلا جمہوری الیکشن ہوا تو پہلا عہدہ ملا، آپ نے بھی خود کو ثابت کرکے یہاں آنا ہے ، لوگ باتوں نہیں عمل سے ثابت ہوتے ہیں ،ہمیشہ عوام کی طرف دیکھتا ہوں، آپ بانی پی ٹی آئی کی طاقت ہیں ،ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے پاکستان آزاد ہوا، ہمیں اپنے حق کے لئے قربانی د ینا پڑے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج صوابی میں ہونے والے جلسے میں ریفرنڈم ہوگیا ہے ، اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹو یٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں، لیکن میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم امریکا سے مدد کے طلبگار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئے گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی، وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں،بانی پی ٹی آئی کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے لیکن انہوں نے کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن ہم عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے ۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج کا جلسہ مینڈیٹ چوروں کے خلاف ہے ،بانی پی ٹی آئی کے خلاف 200 کیسز بنائے گئے ، 30سال سزا دلوائی گئی لیکن سزا اور کیسز کے باوجود لوگوں کے دلوں میں بانی پی ٹی آئی کی محبت ہے ۔ بانی پی ٹی آئی ہر صورت رہا ہوں گے ،عدالتوں سے ہی بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر عملدرآمد کرنا ہوگا، سب کو بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج سے تیار ی کر نا ہوگی ۔حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں ایسے حالات کبھی نہیں دیکھے اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا،اب ہم آگے بڑھیں گے ، وزیراعلیٰ کے اعلان پر عملدرآمد کریں گے ۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں ،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہنا تھا کہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ، اور نہ ہی کسی کی دھونس اور دھمکی میں آئیں گے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ صوابی جلسے سے جعلی حکومت کے کانپیں ٹانگنا شروع گئی، صوابی جلسہ آئین شکنوں کے لئے ڈرائونے خواب سے کم نہیں ،کل سے عطا تارڑ کی چیخیں جعلی حکومت کے حواس باختہ ہونے کی ترجمانی کر رہی ہیں ۔صوابی جلسہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ملک میں جمہوریت اور آئین کا گلا گھونٹنے والوں سے پورا حساب لیا جائے گا، مینڈیٹ چوروں سے مینڈیٹ واپس چھیننے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دوسر ی جانب پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ اختتام پذیر ہوگیا جبکہ جلسہ میں کسی بھی لائحہ عمل کا اعلان نہ ہوسکا۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے اعلانات صرف بڑھکیں ، احتجاجی کال سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں وزیراعلی ٰکے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاعخواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلٰی پختونخوا بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے کمپرومائزڈ ہیں ، وہ بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے دونمبری کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی گنڈاپور پر امید لگائے بیٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں باہر جانے کا راستہ مل جائے ، ایک دو کے علاوہ پی ٹی آئی کی پوری فرنٹ رو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں کمپرومائزڈ ہے ، مونچھوں کو تاؤ دیکر سر پر سفید کپڑا بندھنا صرف رنگ بازی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں