سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح:شہباز شریف

سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح:شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے جبکہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے ، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسروں کا اہم کردار ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ڈپلومیٹک انکلیو میں ’’کیس کیڈ‘‘پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا،انہوں نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی اوروزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا۔شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ، اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دور حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیس کیڈ خدمت مرکز کا قیام لائق تحسین ہے ۔اس موقع پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس ویری فکیشن ،گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹیئرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویری فکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔بعدازاں وزیر اعظم سے انفارمیشن گروپ کے 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسروں نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

شہبازشریف نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے ، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسروں کا اہم کردار ہے ،امید ہے تمام افسر اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کیلئے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے ۔ انہوں نے پروبیشنری افسروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے جدید مواصلاتی آلات کو بروئے کار لانے کیلئے سرگرم رہیں۔وزیراعظم نے یوم اقبال پراپنے پیغام میں کہاکہ علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر ان کے وژن پر عمل پیرا ہونے ، انصاف مساوات اور اعلٰی ظرفی کے نظریات پر مبنی قوم کی تعمیر کا عہد کریں۔ان کا ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہناتھاکہ اقبال کے افکار اور تحریروں نے ہماری قوم کے طرز عمل پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں اور وہ ہمارے لئے چراغ راہ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ہمیں پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے انتھک محنت پر زور دیتے ہیں۔ علامہ محمد اقبال ؒکی شاعری اپنے وقت کی عکاسی ہی نہیں بلکہ عمل اور خود شناسی کی لازوال دعوت بھی ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتدال پسندی سے بلند ہو کر غیر متزلزل ایمان اور محنت کے ذریعے عظمت حاصل کریں۔ انہوں نے پوسٹ میں اقبالؒ کے شعربھی لکھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں