ٹماٹر، پیاز کی میکانائزڈ فارمنگ شروع، پیداوار میں اضافہ، لاگت کم ہوگی: مریم نواز
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبے میں ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لئے پہلی مرتبہ پائیدار اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت سبزیوں بالخصوص ٹماٹر اور پیاز کی میکانائزڈ فارمنگ کا پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے جس پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سبزیوں کی میکانائز فارمنگ کے لئے پلانٹر،پرونرز، سپرئیر اور دیگر زرعی آلات پر 70فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ کاشتکار کو صرف 30فیصد ادا کرنا ہوں گے اسی طرح ویلیو ایڈیشن کے لئے پلپنگ یونٹ، ڈرائر اور گریڈرز خریدنے پر بھی حکومت پنجاب 70فیصد سبسڈی دے گی۔ زیر کاشت رقبے اورپیداوار میں اضافے کے لئے لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع کو پیازجبکہ ٹماٹر کے لئے خوشاب،شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کے اضلاع کو منتخب کیا گیا ہے ۔ مذکورہ 6اضلاع میں 25ایکڑ تک اراضی مالکان کے فارمر انٹر پرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ فارمر گروپس کو خصوصی طورپر فارمرز فیلڈ سکول میں جدید طریقہ زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق فارمرز گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا ۔
مریم نواز نے کہا ہے پنجاب کے کاشتکار وں کو خوشحال اور خوش دیکھنا میرا عزم ہے ، پہلی مرتبہ سبزیوں کی کاشت کے لئے باقاعدہ طورپر منظم او رمربوط پراجیکٹ شروع کئے جا رہے ہیں ،میکانائزڈ اور گروپ فارمنگ سے نہ صرف سبزیو ں کی پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ٹماٹراورپیاز عام آدمی کی روز مرہ کی ضرورت ہیں ،ٹماٹر اورپیاز مہنگے بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، عام آدمی کی آسانی اور خوشی کے لئے ہر اقدام کریں گے ۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے او رٹیم کی شب وروز محنت سے پنجاب میں اشیائے خور و نوش ہر صوبے کی نسبت سب سے سستی میسرہیں اور اس کے ساتھ نرخ کی دن رات مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کے لئے ہیلپ لائن 0800-17000 قائم کردی گئی ہے ۔ سبزیوں کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے کا شتکار ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ،فیس بک یا متعلقہ اصلاح آبپاشی دفاتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔