سموگ: لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان میں آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی

سموگ: لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان میں آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،کامرس رپورٹر ،نیوزرپورٹر)پنجاب میں سموگ کی خراب صورتحال پرحکومت نے اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔۔۔

 جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی ہیوی ٹریفک اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاری کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور نے 41 ایمرجنسی اینٹی سموگ سکواڈز تشکیل دے دئیے ۔حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق 11 سے 17 نومبر تک آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، پابندی کا اطلاق ضلع لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ پر ہو گا۔ ہر قسم کے آؤٹ ڈور کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہوگی، ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی ہو گی تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے ۔ دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز،پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز مستثنیٰ ہوں گے ۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے ۔پٹرول پمپس، تندور، بیکریاں، دودھ اورمٹھائی کی دکانیں، سبزی،فروٹ شاپس، چکن،گوشت کی دکانیں، ای کامرس،پوسٹل،کورئیر سروسز،یوٹیلٹی سروسز بھی کھلے رہیں گے ۔ شادی ہالز ہال میں تقریبات کو پرانے اوقات کی مکمل پابندی کے ساتھ جاری رکھا جاسکے گا ،ریسٹورنٹ میں کھانے کا وقت رات گیارہ بجے تک کا ہو گا۔ تحصیل سطح پر ٹاسک فورسز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جو احکامات پر عملدرآمد کروانے کی ذمہ دار ہونگی ۔ خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی، دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔

ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کیلئے 41 اینٹی سموگ سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے جو مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کریں گے ۔ لاہور میں 12 جگہوں پر ناکے بھی قائم کئے جائیں گے ۔سی ٹی او کے مطابق اینٹی سموگ سکواڈز صرف دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں گے اور انکے ساتھ ایک ایک بڑا ٹرک بھی ہوگا، دھواں چھوڑنے والی موٹرسائیکلوں کو ٹرک میں لوڈ کرکے قریبی تھانوں میں بند کروایا جائے گا اور بیان حلفی کاغذات بھی لئے جائیں گے ،درستگی تک گاڑیاں نہیں چھوڑی جائینگی۔سی ٹی او عمارہ اطہر کے مطابق تینوں شفٹوں میں اکتالیس، اکتالیس ٹیمیں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔لاہورمیں گزشتہ روز سموگ کی اوسط شرح 453 تک جا پہنچی ، ڈی ایچ اے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 636 ریکارڈ کیا گیا ۔امریکن قونصلیٹ کے علاقے کا 471، مراتب علی روڈ پر611 ، عسکری ٹین میں 452 تک جا پہنچا۔

لاہور ایئرپورٹ رن وے پرحدنگاہ 350میٹرریکارڈ کی گئی،جس سے متعدد ملکی و غیر ملکی فلائٹ آپریشن متاثر ہوئیں ۔کئی پروازیں ری شیڈول کردی گئیں، لاہور ایئرپورٹ پر ملکی و غیر ملکی 14پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ایک پرواز منسوخ کی گئی۔دھند اور سموگ پرگزشتہ روز موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا، ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو بھیرہ سے کوٹ مومن، ایم تھری لاہور سے درکھانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم، ایم فائیو ملتان سے سکھر تک ٹریفک کیلئے بند رہی ۔ ملتان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی سموگ کی لپیٹ میں آ گئے ، ملتان پیر کو فضائی آلودگی میں سر فہرست رہا ،جہاں اے کیو آئی950 ،پشاور کا 597، اسلام آباد کا254 اور راولپنڈی کا 284 ریکارڈ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں