کسی کوترقی کا سفر روکنے کی اجازت نہیں دینگے : عطا تارڑ
نواز شریف جدیدپاکستان کے معمار ہیں،پی ٹی آئی نے نفرت پھیلائی :خطاب ملکی ترقی کیلئے استحکام پیدا کرنا ہو گا ، میثاق سکیورٹی کی ضرورت :احسن اقبال
لاہور (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں، ملک کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے ، پی ٹی آئی نے کردار کشی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا، تبدیلی کا نعرہ لگا کر ملک میں تباہی لائی گئی،وزیر اعظم شہباز شر یف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا، کسی کو ترقی کا سفر روکنے کی اجاز ت نہیں دیں گے۔ لاہور پریس کلب میں صحافی محمد نواز رضا کی کتاب‘مرد آہن محمد نواز شریف ’کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی نواز شریف کا نصب العین ہے ، خدمت اور ترقی کے سفر کو وفاق میں وزیر اعظم شہباز شریف اور پنجاب میں مریم نواز جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔
نواز شریف نے ملک میں رواداری کی سیاست کو پروان چڑھایا جبکہ دوسری طرف ایک انتشاری ٹولے نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ، عوام کے ذہنوں میں زہر بھرا گیا، پی ٹی آئی نے ملک اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی نے کردار کشی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کاکہناتھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف دفاعی کامیابی حاصل کی،ملک کو آگے لے جانے کے لئے استحکام پیدا کرنا ہو گا ، ہمیں میثاق جمہوریت کی طرح میثاق سکیورٹی کی ضرورت ہے۔ نواز شریف نئے دور کے شیر شاہ سوری ہیں ،ملک میں تما م ترقیاتی منصوبے انکے دور میں شروع ہوئے۔
انہوں نے کہا نواز شریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا کہ 2018میں ایک نااہل شخص کو لا کر ملک پر مسلط او ر ملکی ترقی کا پہیہ ڈی ریل کر دیا گیا ۔ پاکستان کسی طور پر انتشار اور خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ،ہم معاشی تباہی کے دہانے سے واپس آرہے ہیں، دوبارہ انتشار پیدا کیا گیا تو ایسی دلدل میں دھنس جائیں گے کہ ہماری معاشی خود مختاری ہمیشہ کے لئے داؤ پر لگ جائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، مجیب الرحمن شامی، ارشد انصاری، سجاد میر، نوید چودھری، حامد ڈوگر، رانا کوثر ، امیر العظیم، سلمان غنی، عابد تہامی و دیگر بھی موجود تھے۔