وزیراعلیٰ سندھ مستعفی ہوں، حافظ نعیم کا مارچ کا اعلان
گل پلازہ متاثرین کو 1،1کروڑ دیکر جان نہیں چھڑا سکتے ،امیر جماعت اسلامی پریس کانفرنس، سانحہ میں جاں بحق فائر فائٹراور تاجرکے اہلخانہ سے ملاقات
کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سانحہ گل پلازہ، شہر کی ابتر حالت اور اہل کراچی کے سنگین مسائل کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دے دیا اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بہت جلد شہر میں ایک بڑا اور تاریخی ’’جینے دو کراچی مارچ‘‘منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا سانحہ گل پلازہ سے پیپلز پارٹی بری طرح ایکسپوز ہوگئی ،سندھ حکومت متاثرین کو ایک ایک کروڑ روپے دے کر جان نہیں چھڑا سکتی، فائر بریگیڈ براہ راست کے ایم سی کے ماتحت ہے ،قابض میئر سے سوال تو بنتا ہے کہ آپ ایم یوسی ٹی میں شامل جوفائر ٹیکس وصول کرتے ہیں وہ کہاں جاتا ہے ؟اگر وفاق میں بی بی،ان کے بابا اور چچا شادی سے فارغ ہوگئے ہوں تو اس شہر کو آکر دیکھ لیں کہ اس شہر کی کیا حالت ہوگئی ہے ،جو کام ریاست کے کرنے کا ہے وہ عوام خود کررہے ہیں،پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے کہاں ہیں؟بلاول بھٹو پوری دنیا کے سفارتکاروں اور تاجروں کو بلاکر ڈھائی گھنٹے کی پریزینٹیشن تودے رہے ہیں لیکن اہل کراچی کوجینے تک کے حقوق نہیں دیے جارہے، کتنی افسوسناک بات ہے۔
بلاول بھٹو ونڈر بوائے بن کر اسلام آباد میں ڈھائی گھنٹے کا میجک شوکررہے ہیں جبکہ ملک کا سب سے بڑا شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے ،دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی رہائش گاہ فائر اسٹیشن ناظم آباد میں اہل خانہ اور فائر فائٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عملے سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں تاجر ایسوسی ایشن گل پلازہ کے خزانچی و روبی اپارٹمنٹ مدینہ کالونی جمشید روڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محمد علی کے اہل خانہ سے بھی فاطمہ جناح کالونی میں ملاقات کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔