آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نئے ایرانی سپریم لیڈر منتخب: اسرائیلی میڈیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران کو نیا سپریم لیڈر مل گیا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے سپریم لیڈر منتخب ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کیلئے قائم کی گئی کمیٹی نے ان کے نام کی منظوری دے دی، مجتبی خامنہ ای کی باضابطہ طور پر نامزدگی کا اعلان چند گھنٹوں کے دوران ہوسکتا ہے۔
دوسری طرف ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کی نامزدگی کیلئے اجلاس جاری ہے، پاسداران انقلاب نے کہا نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں تقریباً ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے، ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق نئے سپریم لیڈر کا باضابطہ اعلان آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کے بعد ہوگا۔
مجتبی خامنہ ای ایرانی سیاست دان اور عالم دین ہیں، وہ علی خامنہ ای کے دوسرے صاحبزادے ہیں، انہوں نے ایران عراق جنگ میں حصہ لیا، 2009 کے صدارتی انتخابات کے بعد مظاہروں کو دبانے کے لئے استعمال ہونے والی فورس پر بھی اثر و رسوخ رکھتے تھے۔
انہیں اپنے والد کے سب سے بااثر بیٹے اور ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے، مجتبیٰ خامنہ ای 1969 میں مشہد میں پیدا ہوئے اور اپنے بچپن کے سات سال ایران کے شمال مغربی شہروں سردشت اور مہاباد میں گزارے۔
انہوں نے 2004 میں زہرہ حداد عادل سے شادی کی، سیاسی طور پر وہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے حامی سمجھے جاتے ہیں، 2019 میں مجتبیٰ خامنہ ای پر امریکا کی جانب سے پابندیاں عائد کی گئیں۔