آئی ایم ایف ، سٹیٹ بینک کے دوسرے روز مذاکرات

 آئی ایم ایف ، سٹیٹ بینک کے دوسرے روز مذاکرات

آج بزنس کونسل سے ملاقات،پیر سے وزارت خزانہ کیساتھ تکنیکی بات چیت

 کراچی/ اسلام آ باد(دنیا نیوز)پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزہ مذاکرات دوسرے روز بھی جاری رہے ، آئی ایم ایف ٹیم نے دوسرے روز بھی کراچی میں سٹیٹ بینک حکام سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کئے ۔ذرائع کے مطابق وفد  کے ساتھ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے شیئر کردہ ڈیٹا پر بات چیت ہو رہی ہے ، آئی ایم ایف وفد کا جمعہ تک اہم اجلاس شیڈول ہے ، آئی ایم ایف وفد کو سٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔آئی ایم ایف وفد آج پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران سے ملاقات کرے گا۔آئی ایم ایف وفد کی ہفتے کو اسلام آباد روانگی متوقع ہے ، آئی ایم ایف کا وفد توسیع فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان آیا ہے ، پیر سے آئی ایم ایف کے وفد اور وزارت خزانہ کے حکام کے مابین اسلام آباد میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

اسی طرح آئی ایم ایف کا وفد مارچ کے پہلے ہفتے میں خیبر پختونخوا حکومت سے مذاکرات کرے گا، آئی ایم ایف اور خیبرپختونخوا حکام کے مابین مذاکرات تکنیکی سطح کے ہوں گے ۔ذرائع سٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ، عارضی رول اوور ہونے پر حکومت دوبارہ بھی بات چیت کر رہی ہے ۔پاکستانی حکام کے آئی ایم ایف کے وفد سے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ، اینٹی ٹیرر فنانسنگ پر مذاکرات ہوئے ہیں، وفد سے اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات، بینکنگ ریگولیشنز سمیت اہم امور پر بھی تکنیکی مذاکرات ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع (رول اوور)کے معاملے پر رابطے جاری ہیں، اس سلسلے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا بیرونی مالیاتی خلا مکمل پُر کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں، بیرونی مالی ضروریات پر آئی ایم ایف سے پروگرام کے آغاز میں بات چیت ہو چکی ہے اور آئندہ مذاکرات میں بھی اس کا جائزہ لیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت سٹیٹ بینک میں مجموعی طور پر 12.5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس پروگرام کی مدت ستمبر تک برقرار رکھنے کا عزم کر رکھا ہے ، تاہم ذرائع کے مطابق اس بار یو اے ای نے قرض کی مدت میں صرف ایک ماہ کی توسیع کی تھی جبکہ مزید توسیع کے بارے میں باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں