ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا تاہم ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلے کرے گی۔
محمد شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔