نئے صوبوں کیلئے صف بندی
اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے نے نئی صف بندی اور ممکنہ طور پر نئے تنازعات کے دروازے کھول دیئے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف حکومتی حلقوں کی جانب سے صوبوں کی تعداد بڑھانے، انتظامی تقسیم کو بہتر بنانے اور اختیارات کو عوام کے قریب منتقل کرنے کی بات کی جا رہی تھی تاہم اب یہ معاملہ سیاسی جماعتوں کے مؤقف، اتحادیوں کے اختلافات اور وفاقی حکومت کے اندرونی تضادات کی صورت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
سیاسی دنگل کا آغاز ہو چکا ہے، پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس معاملے پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کی پھر حکومتی حلقوں میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث مزید شدت اختیار کر گئی، اب مسلم لیگ( ن) بھی اس معاملے پر آہستہ آہستہ سامنے آتی دکھائی دے رہی ہے، اگرچہ بطور جماعت اس کا باضابطہ اور واضح مؤقف ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
وفاقی وزرا کے درمیان بیانات کا تضاد اور ایک دوسرے کے مؤقف سے اختلافات اس بحث کو مزید سیاسی رنگ دے رہے ہیں حتیٰ کہ وزرا کی بیان بازی پر وزیراعظم کو بھی معاملے کا نوٹس لینا پڑا، نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں اب تک پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف سب سے زیادہ واضح انداز میں سامنے آیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا اور اس بحث کو محض انتظامی اصلاحات کے بجائے صوبائی شناخت اور سیاسی حساسیت سے جوڑ دیا، پیپلز پارٹی نے تو کہہ دیا کہ سندھ میں مزید یونٹس کا قیام تو دور کی بات وہ اس معاملے کیلئے ریفرنڈم کی بھی حمایت کرتے دکھائی نہیں دے رہے، بلاول کی جارحانہ گفتگو کے بعد صدر آصف علی زرداری نے انہیں سیاسی طور پر مسلسل فرنٹ فٹ پر کھیلنے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا، بلاول کے یکے بعد دیگرے جارحانہ انٹرویوز کے بعد اب ان کی حکمت عملی مختلف دکھائی دے رہی ہے اور ان کے لب و لہجہ میں کافی فرق دکھائی دینے لگا ہے، بلاول اب مقتدرہ پر بالواسطہ تنقید کی بجائے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے دکھائی دیں گے۔
گزشتہ روز کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام صرف آئینی طریقہ کار سے ہی ہو سکتا ہے، نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئین میں طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا، پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے مگر اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے اور آئینی تقاضوں کو مد نظر رکھنا ہوگا۔
آئین میں دیئے گئے طریقہ کار سے مراد آئین کا آرٹیکل 239(4)ہے، جس کے مطابق دستور میں ترمیم کے کسی بل کو جو کسی صوبے کی حدود میں ردو بدل کا اثر رکھتا ہو، صدر کی منظوری کیلئے پیش نہیں کیا جائے گا تاوقتیکہ اسے اس صوبے کی صوبائی اسمبلی نے اپنی کل رکنیت کے کم از کم دو تہائی ووٹوں سے منظور نہ کر لیا ہو، پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی سے صوبوں کے قیام کے خلاف قرار دادیں منظور کروا ئیں اور کہنا شروع کر دیا کہ چونکہ صوبائی اسمبلی اپنا فیصلہ سنا چکی ہے اب سندھ تو تقسیم ہو ہی نہیں سکتا، مگر حکومتی قانونی ٹیم جو کہ سرجوڑ کر اس معاملے پر رات دن کام کر رہی ہے، اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ اگر نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹ آرٹیکل 239(4) کو ہی ختم کر دیا جائے تو کیا یہ آسان راستہ نہیں ہوگا؟
اگرچہ اس کیلئے بھی دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی مگر اس میں پاکستان تحریک انصاف کی ضرورت پڑے گی، پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کیلئے ریلیف اور سہولیات پیدا کرنا ہوگی، پی ٹی آئی کی سپورٹ اور پیپلز پارٹی کے لوگ توڑ کر یہ کام کرنا بہت زیادہ مشکل تو نہیں مگر صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکے گا اور پیپلز پارٹی کے بغیر سندھ کی تقسیم کے اثرات سامنے آئیں گے۔
بلاول بھٹو جب کہتے ہیں کہ وہ صوبوں کے حق میں ہیں تو اس سے ان کی مراد پنجاب کی تقسیم ہوتی ہے یعنی جس سے متعلق صوبائی اسمبلی کی قراردادیں موجود ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے، پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے میں چونکہ ان کا ووٹر بڑی تعداد میں موجود ہے، پنجاب تقسیم ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ اسے ہوگا، مگر سندھ کی تقسیم کا نتیجہ بلاول خون خرابہ قرار دیتے ہیں۔
(ن) لیگ اس معاملے پر شروع میں تو خاموش رہی پھر خواجہ آصف سمیت کئی وزرا بظاہر صوبوں کے قیام کے حق میں بیانات دیتے دکھائی دیئے اور عطا تارڑ اور طارق فضل چوہدری نے ریفرنڈم کے حق میں کھل کر حمایت کی مگر اس دوران میاں نواز شریف اور مریم نواز گروپ خاموش رہا، اچانک وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے بعد (ن) لیگ بھی اب اس معاملے میں کھل کر سامنے آتی دکھائی دے رہی ہے۔
چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈھائی سال سے وہ ایک وزیر کے تبصرے سُن رہے ہیں، اگر انہوں نے جواب دیا تو وہ وزیر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، اس کے بعد رانا ثنا اللہ نے ٹی وی ٹاک شوز میں اس کا جواب دینا شروع کیا تو وزیر اعظم نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ وفاقی وزرا ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کریں، مگر( ن) لیگ کے وفاقی وزرا نے رانا ثنا اللہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نئے صوبوں کے معاملے پر واضح انداز میں بات کرنا شروع کر دی ہے، رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو متنازع بنا دیا گیا ہے جس کے بعد اس کا حتمی فیصلہ پارلیمان کے ایوانوں میں کیا جائے گا، پارلیمنٹ میں معاملہ آنے کا مطلب وہی ہے جو بلاول کہہ رہے ہیں کہ اس معاملے میں اتفاق رائے پیدا کر کے آئینی طریقے سے ہی نئے صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔
مگر دوسری جانب نئے صوبوں کے قیام کے حامی حلقے بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے، قانونی ٹیمیں مسلسل گمبھیر صورتحال کا حل نکالنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھی ہیں، سب سے پہلا قدم ریفرنڈم کی صورت میں ہی دکھائی دے رہا ہے جو نئے سال کے آغاز میں ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اگر عوام نے ریفرنڈ م میں صوبوں کے حق میں رائے دے دی تو اس سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر دباؤ تو بڑھے گا مگر اس کا سیاسی مقابلہ کرنے کی کوشش کی جائے گی، دونوں جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو اپنی بقا کا مسئلہ سمجھ رہی ہیں، جو کسی حد تک درست بھی ہے، ایسے میں 2027ء سیاسی طور پر ہنگامہ خیز سال ہوگا۔