تازہ اسپیشل فیچر

25 نومبر... خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن

لاہور: (تسکین حیدر) خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوش حالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، وہ ماں، بہن، بیٹی، بیوی، استاد، ڈاکٹر اور دیگر حیثیتوں سے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے آج بھی دنیا کے کئی معاشروں میں خواتین کو تشدد، ناانصافی، امتیازی سلوک اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔

ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اقوام متحدہ نے 1999ء میں اس دن کو باقاعدہ عالمی دن قرار دیا تھا، 1960ء میں اسی دن ڈومینیکن ریپبلک کی تین بہادر خواتین میرابل سسٹرز کو آمرانہ حکومت نے قتل کر دیا تھا، ان خواتین نے آمریت، ناانصافی اور صنفی جبر کے خلاف جدوجہد کی تھی۔

یہ دن دنیا بھر میں خواتین پر ہونے والے جسمانی، ذہنی، جنسی، معاشی اور سماجی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے منایا جاتا ہے، اقوامِ متحدہ اس دن سے 16 روزہ عالمی مہم کا آغاز بھی کرتی ہے جو 10 دسمبر تک جاری رہتی ہے، اس کا مقصد خواتین کے حقوق، برابری، تحفظ اور بااختیار بنانے کی جدوجہد کو مضبوط بنانا ہے۔

خواتین پر تشدد، تشویشناک حقیقت

پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کی صورتحال کا اندازہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی رپورٹس سے لگایا جا سکتا ہے، وزارتِ انسانی حقوق اور پولیس کے اعداد و شمار، انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس اور مختلف سرویز اس مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔

  Mapping Gender-Based Violence in Pakistan 2024‘‘ کے مطابق 2024ء کے دوران ملک بھر میں خواتین کے خلاف صنفی تشدد کے مجموعی طور پر 32,617 واقعات رپورٹ ہوئے، ان میں 5,339 ریپ، 24,439 اغوا یا جبری طور پر لے جانے کے واقعات، گھریلو تشدد کے 2,238 واقعات اور غیرت کے نام پر قتل کے 547 واقعات شامل تھے۔

ان اعداد و شمار میں پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبے کے طور پر سامنے آیا جہاں مجموعی طور پر 26,753 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں ریپ کے 4,641، اغوا کے 20,720، گھریلو تشدد کے 1,167 اور غیرت کے نام پر قتل کے 225 واقعات شامل تھے، پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2023-24 ء کے مطابق صوبے میں صنفی تشدد کے رپورٹ شدہ واقعات 2023ء کے 28,721 سے بڑھ کر 2024ء میں 34,702 ہو گئے۔

اسی رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے واقعات میں بھی 47.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے کے مطابق 15 سے 49 سال کی عمر کی 23 فیصد شادی شدہ خواتین نے شوہر یا شریکِ حیات کی جانب سے جسمانی تشدد، 26 فیصد نے جذباتی تشدد اور 5 فیصد نے جنسی تشدد کا سامنا کرنے کی اطلاع دی۔ اگرچہ یہ سروے چند سال پرانا ہے، لیکن اس کے نتائج گھریلو تشدد کی گہری جڑوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

معاشرتی رویے، خاموشی اور عدم برداشت

خواتین پر تشدد کی بنیادی وجوہات میں پدرشاہی سوچ، فرسودہ روایات، تعلیم کی کمی، معاشی انحصار، عدم برداشت اور خواتین کو کمتر سمجھنے کا رویہ شامل ہیں، ہمارے معاشرے میں بعض اوقات گھریلو تشدد کو خاندان کا اندرونی معاملہ قرار دے کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کے بجائے اسے خاموش رہنے، سمجھوتہ کرنے یا خاندان کی عزت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، غیرت کے نام پر قتل، جبری شادی، ونی، کاروکاری، تیزاب گردی، جنسی ہراسانی اور کم عمری کی شادی جیسے مسائل بھی خواتین کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

دیہی علاقوں میں بعض خواتین کو تعلیم، صحت اور قانونی معاونت تک مناسب رسائی حاصل نہیں، جبکہ شہری علاقوں میں ملازمت کی جگہوں، تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور ڈیجیٹل دنیا میں ہراسانی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی نے خواتین کیلئے اظہار اور رابطے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، لیکن ساتھ ہی آن لائن دھمکیوں، بلیک میلنگ، نجی تصاویر کے غلط استعمال اور سائبر ہراسانی جیسے مسائل بھی بڑھائے ہیں۔

قانون سازی کے ساتھ عملی اقدامات

پاکستان میں خواتین کے تحفظ کیلئے مختلف قوانین اور ادارے موجود ہیں، پنجاب میں تحفظِ خواتین بل 2016ء ، سندھ اور بلوچستان میں گھریلو تشدد کے خلاف قوانین، جبکہ خیبرپختونخوا میں گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا قانون اس سلسلے کی اہم مثالیں ہیں، اسی طرح ملازمت کی جگہوں پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھی قانون سازی کی گئی ہے، تاہم صرف قوانین بنانا کافی نہیں۔ ان پر مؤثر عمل درآمد، پولیس کی تربیت، تفتیش کے معیاری طریقہ کار، متاثرہ خواتین کو قانونی معاونت، محفوظ پناہ گاہوں اور فوری طبی و نفسیاتی سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے مستند اعداد و شمار جمع کرنے اور انہیں باقاعدگی سے عوام کے سامنے پیش کرنے کا مربوط نظام قائم کرے، مقدمات کی تفتیش اور عدالتی کارروائی میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے تاکہ مجرموں کو سزا مل سکے اور متاثرہ خواتین کو انصاف حاصل ہو۔

ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری

خواتین پر تشدد کا خاتمہ صرف حکومت یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے، والدین کو چاہیے کہ بیٹوں اور بیٹیوں کی تربیت میں مساوات، احترام اور برداشت کو بنیادی اہمیت دیں، تعلیمی اداروں میں بچوں کو انسانی حقوق، خواتین کے احترام اور تشدد کے منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔میڈیا کو بھی چاہیے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کو سنسنی خیزی کے بجائے ذمہ داری اور حساسیت کے ساتھ پیش کرے۔

متاثرہ خواتین کی شناخت اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور معاشرے میں ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جو تشدد کو جائز یا معمول کا عمل قرار دیتے ہیں۔خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، معیاری تعلیم فراہم کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شمولیت بڑھانے سے بھی تشدد کے خلاف مضبوط سماجی بنیاد قائم کی جا سکتی ہے۔