قائمہ کمیٹی آئی ٹی: 71ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

 قائمہ کمیٹی آئی ٹی: 71ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

تین کمپنیوں کی 15،15 ملین ڈالر زرِ ضمانت جمع، 10مارچ کو 5 جی کی نیلامی ہوگی بیپ پاکستان جلد لانچ، ایس سی او کے بی ٹی ایس ٹاورز سولر پر منتقل کرنے کی منظوری

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے آئندہ مالی سال 2026-27کے لیے وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت اداروں کے 71 ارب 83 کروڑ 98 لاکھ 63 ہزار کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس چیئرمین سید امین الحق کی صدارت میں ہوا۔چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ 2026 کو ہوگی۔ جاز، یوفون اور زونگ 15،15 ملین ڈالر زرِ ضمانت جمع کرا چکی ہیں، ہر کمپنی کے لئے کم از کم 100 میگا ہرٹز سپیکٹرم حاصل کرنا لازم ہوگا جبکہ ابتدائی مرحلے میں سروس بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیلامی شفاف ہو اور صارفین کو سستے پیکجز فراہم کئے جائیں۔ اجلاس میں بیپ پاکستان ایپ جلد لانچ کرنے اور ایس سی او کے گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں قائم بی ٹی ایس ٹاورز کو سولر توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ، چیئرمین کمیٹی سید امین الحق نے پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرنے والی سائبر سکیورٹی ٹیموں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ،چیئرمین نے اسلام آباد آئی ٹی پارک جون 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ الیکٹرانک ٹرانزیکشنز (ترمیمی) بل 2026 مشاورت مکمل ہونے تک مؤخر کر دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں