قائداعظم ؒ کے وژن کے مطابق ملک کو آگے بڑھانا ہوگا، وفاقی وزرا
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)یوم پاکستان پر اپنے پیغامات میں وفاقی وزرا نے کہا 23مارچ بانیانِ پاکستان کے وژن، عزم اور قربانیوں کی یاد کا دن ہے، ہمیں قائداعظم ؒکے وژن کے مطابق ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔۔۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ نے کہا تیئس مارچ بانیانِ پاکستان کے وژن، عزم اور قربانیوں کی یاد کا دن ہے ، ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اجتماعی کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ڈیجیٹل ترقی اب قومی ترقی اور روشن مستقبل کے حصول کا بنیادی ستون بن چکی ہے ، اسی لیے حکومت کی اولین ترجیح ہر شہری کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد سے ہی کامیابی ممکن ہے اور ہمیں قائداعظم کے وژن کے مطابق ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔ اتحاد، نظم و ضبط اور یقینِ محکم ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں ، پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔