قومی اسمبلی :خصوصی اقتصادی زونزترمیمی سمیت 6بلز منظور
نرسنگ کونسل، برآمددرآمدپاکستان بینک ترمیمی ، اسلام آبادکنڈومینئیم بلز بھی پاس نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کے باوجود زیادہ درخواستیں موصول ہورہیں:وزیر توانائی
اسلام آباد(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،اے پی پی )قومی اسمبلی نے چھ بلوں کی بھی منظوری دی ، ایوان سے منظورہونیوالے بلوں میں برآمددرآمدپاکستان بینک ترمیمی بل 2026، خصوصی اقتصادی زونزترمیمی بل 2026، علاقہ دارالحکومت اسلام آباد کنڈومینئیم (ملکیت وانتظام)بل 2026، خالص منافع کے حصول کے مالیاتی انتظامات کابل 2026، پاکستان نرسنگ ومڈوائفری کونسل بل 2026اور مالیاتی ذمہ داری وتحدیدقرضہ ترمیمی بل 2026شامل ہیں۔ علاوہ ازیں توجہ دلائو نوٹس پر وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا کہ اس وقت ملک میں 14 ہزار فیڈر میں سے 11500 فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے ۔باقیوں پر لائن لاسز کی وجہ سے 2 گھنٹے سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہے ۔
نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کے باوجود اسی رفتار سے درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ نیٹ میٹرنگ میں کوئی غریب نہیں ہے کسی پر کوئی ظلم نہیں ہوا۔ سولر انفراسٹرکچر کی قیمت میں بتدریج دنیا میں کمی ہوئی۔پاکستان میں نیٹ میٹرنگ ایک منافع بخش کام ہے اور یہ ماحول دوست ہے ۔ ملک میں سولر سے حاصل ہونے والی 23 سے 24 ہزار میگاواٹ بجلی میں سے 14 سے 16 میگاواٹ آف گرڈ ہے ۔ٹیکس ریٹ کم اور دیگر مراعات سے اس میں بہتری آئی۔اس ماحول دوست منصوبے پر کسی غیر ملک نے معاونت نہیں کی۔ گزشتہ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نئے نیٹ میٹرنگ میں تبدیلی کی گئی اب ان سے دیگر قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی قیمت کے مساوی 9 روپے 80 پیسے کی قیمت پر ان سے بجلی خریدیں گے ۔ اگر کوئی ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا تو تین سال میں وہ پیسے پورے کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس ریگولیشن کی تبدیلی کے بعد بھی اسی طرح سے اور اسی تیزی سے درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ ملک میں بجلی کی مقامی وسائل اور ذرائع سے پیداوار موجودہ 55 فیصد سے بڑھا کر 2032 تک 96 فیصد تک لے جائیں گے ۔ اپوزیشن رکن محمد اقبال خان آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی جس پر سپیکر نے گنتی کرائی تو کورم پورا نہ نکلا جس پر اجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کردیاگیا۔بعد ازاں کورم پورا ہونے پر اجلاس دوبارہ شروع کیا گیا۔