وزیر تخفیف غربت کا غربت شرح پر دلچسپ بیان، ایوان میں قہقہے
30لاکھ افراد خط غربت سے باہر نکلے ، 40لاکھ نیچے گئے ، وزیر کا ایوان میں جواب خواجہ آصف کاوقفہ سوالات میں طویل تقاریر پر اعتراض،مختصر سوال ، جواب پرزور
اسلام آباد(سہیل خان)قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ کی غربت کی شرح سے متعلق معلومات پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے ۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے باعث 30 لاکھ افراد خطِ غربت سے باہر آئے ۔ ایک رکن نے سوال کیا کہ کتنے لوگ دوبارہ خطِ غربت سے نیچے گئے ؟ وزیر نے جواب دیا کہ 40لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے جس پر ارکان اسمبلی ہنس پڑے ۔اجلاس میں ڈپٹی سپیکر نے پیپر لیس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ارکان کو آئی ٹیب استعمال کرنے کا کہا۔
جے یو آئی کی رکن نعیمہ کشور نے شکایت کی کہ قومی اسمبلی میں انٹرنیٹ دستیاب نہیں جبکہ ارکان کو پیپر لیس اسمبلی کا پابند بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ایوان میں اپنا آئی ٹیب بھی دکھایا جس پر انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا تھا۔ نعیمہ کشور نے کہا کہ متعدد ارکان ٹیکنالوجی سے واقف نہیں، اس لیے آئی ٹی عملہ فراہم کیا جائے ۔بعدازاں نعیمہ کشور نے مردان میں طوفان سے ہونے والے نقصانات پر فوری سروے اور متاثرین کے معاوضے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے شکایت کی کہ ہائی رائز بلڈنگز سے متعلق ان کی تقریر گزشتہ روز میوٹ کردی گئی تھی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے وقفہ سوالات میں طویل تقاریر پر اعتراض کرتے ہوئے مختصر سوال اور مختصر جواب کی روایت اپنانے پر زور دیا۔