ون کا نسٹیٹیوشن ایونیواپارٹمنٹ مالکان کو بے دخل نہ کیا جائے : اسلام آباد ہائیکورٹ

 ون کا نسٹیٹیوشن ایونیواپارٹمنٹ مالکان کو بے دخل نہ کیا جائے : اسلام آباد ہائیکورٹ

اپیلیں قابل سماعت نہیں:وکیل سی ڈی اے ، اتھارٹی مالکان کے رائٹس تسلیم،15یا 18فیصد لیز رقم وصول کر چکی:علی ایڈووکیٹ چیلنج آرڈرکے مطابق مالکان کا حق موجود:جسٹس انعام، تکمیل سرٹیفکیٹ کے بغیر رہائش پر کیا سی ڈی اے سو رہا تھا:جسٹس اعظم

اسلام آباد (رضوان قاضی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں اپارٹمنٹ مالکان کو بے دخلی سے روکتے ہوئے حکم دیا کہ تاحکم ثانی انہیں بے دخل نہ کیا جائے۔  سابق ایئر چیف مجاہد انور، سابق صدر آئی سی سی احسان مانی اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد و دیگر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ اپیل کنندگان کی جانب سے تیمور اسلم اور علی رضا ایڈووکیٹ جبکہ سی ڈی اے کے وکیل کاشف ملک نے کہاکہ ہمارا موقف ہے یہ اپیلیں قابل سماعت نہیں۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ مکمل کیس بعد میں سنیں گے سٹے کی حد تک درخواست آج دیکھنی ہے ، جب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں تھا تو کیا اپارٹمنٹ مالکان کا معاملہ دیکھا گیا تھا، انہوں نے جس آرڈر کو چیلنج کیا اس کے مطابق بھی ان کا رائٹ تو موجود ہے ۔ جسٹس انعام امین منہاس نے سی ڈی اے وکیل سے استفسار کیاکہ آپ نے ایڈمنسٹریٹر کب تعینات کیا؟ وکیل نے بتایاکہ 12 مارچ 2023 کو سی ڈی اے نے ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا تھا۔

اپیل کنندگان کے وکیل تیمور اسلم نے کہا ہماری گزارش اتنی ہے کہ سی ڈی اے کو تو مسئلہ ہی نہیں ہونا چاہیے ، کیا یہ چاہتے ہیں کہ عید کے دنوں میں انہوں نے قبضہ لینا ہے ۔ علی رضا ایڈووکیٹ نے کہاکہ سی ڈی اے مالکان کے رائٹس کو اس سے قبل سی ڈی اے مان چکا،15 یا 18 فیصد لیز کی رقم بھی وصول کر چکا ہے ۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ جو لوگ بلڈنگ میں داخل ہوئے آپ نے انہیں recognise کیوں کیا؟ جسٹس اعظم خان نے استفسار کیاکہ کیا اس بلڈنگ کو مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ ملا؟ سی ڈی اے وکیل نے کہاکہ بلڈنگ مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا۔ جسٹس اعظم خان نے کہاکہ کیا سی ڈی اے سو رہا تھا جب مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ بھی نہیں ملا اور رہائشیوں نے وہاں رہنا شروع کر دیا۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ اگر بی این پی سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرتا تو کیا ان کا کوئی رائٹ نہیں ہو گا ؟ وکیل سی ڈی اے نے کہاکہ قانون کا کیس ہے ان کی اپیلیں قابل سماعت نہیں۔ عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں