صدر،وزیراعظم،وفاقی وزرا کی انتخابی مہم کیلئے جی بی داخلے پر پابندی

صدر،وزیراعظم،وفاقی وزرا  کی انتخابی  مہم  کیلئے  جی  بی  داخلے  پر  پابندی

تمام سیاسی جماعتیں یکساں ، وزیراعلیٰ کے پی کی مداخلت نامناسب،خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی:چیف الیکشن کمشنر پنجاب پولیس سے نفری طلب ، 5000 اہلکار بھجوائے جائینگے ، اے آئی جی آپریشنز کا ایس ایس پی ایم ٹی کو مراسلہ

گلگت، لاہور (نیوز ایجنسیاں ، کرائم رپورٹر) گلگت بلتستان الیکشن کے سلسلے میں صدر، وزیراعظم پاکستان ، وفاقی وزرا ،چیئرمین سینیٹ کے انتخابی مہم کیلئے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ، چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، کسی امیدوار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو اسے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے لئے دفعہ 234 بھی نافذ کر تے ہوئے واضح کیاہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے لئے یکساں ہیں، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،دفعہ 234 کے تحت وفاقی وزرا کو نوٹسز جاری کر د ئیے گئے ہیں، انتخابات کے لئے سکیورٹی پلان مکمل طور پر تیار ہے ، سکیورٹی پلان کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ،چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار یا متعلقہ فرد کو گلگت بلتستان سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کے سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سپریم اپیلیٹ کورٹ کو لکھے گئے خط پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کی گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت مناسب نہیں اور ان کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ، ادھر گلگت بلتستان انتخابات کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔پنجاب پولیس کے 5000 اہلکار گلگت بلتستان بھجوائے جائیں گے ،رائٹ مینجمنٹ فورس کے 1500 اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہوں گے ،اس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری کے 1242 ،پنجاب ہائی وے پٹرول کے 1958 اہلکار گلگت بلتستان بھیجے جائیں گے ۔اسی طرح لاہور پولیس کے 300 اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے بھجوائے جائیں گے ،اس حوالے سے اے آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی ایم ٹی کو مراسلہ جاری کر دیاجس میں کہاگیاہے کہ اہلکاروں کو بھجوانے کے لئے مناسب ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا جائے ،ٹرانسپورٹ اور عملے کی تفصیلات بھی سی پی او کو بھجوانے کا حکم دیاگیاہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں